ملکارجن کھرگے کے فرزند پریانک کھرگے کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) کرناٹک کے وزیر اور صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے فرزند پریانک کھرگے نے تلنگانہ میں بدعنوان کے سی آر حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے عوام سے اپیل کی۔ پریانک کھرگے نے آج گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی آر ایس کے الزامات کو مسترد کردیا کہ کرناٹک میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے پارٹی قائدین کو چیلنج کیا کہ کرناٹک کا دورہ کرتے ہوئے ضمانتوں پر عمل آوری کا جائزہ لیں۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے پہلے اجلاس میں سدارامیا حکومت نے پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا۔ کرناٹک میں کانگریس نے 166 وعدے کئے تھے اور ابھی تک 158 پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ پریانک کھرگے نے بتایا کہ 200 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو برقی بلز سے نجات مل چکی ہے اور استفادہ کنندگان کی تعداد 1.60 کروڑ ہے۔ کرناٹک میں بھاگیہ یوجنا اسکیم کے تحت 1.92 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔ مہیلا شکتی اسکیم کے تحت ہر روز 60 لاکھ خواتین آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کررہی ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ ریاستوں کے درمیان ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملہ میں صحت مند مسابقت ہونی چاہیئے۔