تلنگانہ کی ترقی میں گورنر رکاوٹ،یونیورسٹی کا بل واپس کرنے کی مذمت: ہریش راؤ

   

حیدرآباد۔25۔اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ نے مرکز پر گورنر نظام کا بیجا استعمال کرتے ہوئے تلنگانہ کو حاصل ہونے والی یونیورسٹیوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ یونیورسٹیز کے قیام سے کئی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ گجویل کے مہاتی آڈیٹوریم میں بی آر ایس کے عوامی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ جنگلاتی تحقیق کیلئے یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے تو اس کی ستائش کرتے ہوئے منظوری دینے کے بجائے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں ۔ اس بل کو ریاست کے دونوں ایوانوں میں منظوری دی گئی مگر گورنر نے 7 ماہ تک اس کو راج بھون میں زیر التواء رکھا ۔ سپریم کورٹ میں حکومت نے درخواست داخل کی جس دن اس درخواست کی سماعت مقرر ہے، اسی دن رات میں گورنر نے اس بل کو حکومت کو واپس کردیاجس پر انہوں نے تعجب کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ مرکز کی ہدایت پر عمل کرنے کے بجائے ریاست کے مفادات کی خاطر اسمبلی اور کونسل میں منظور ہ بلز کو فوری اثر کے ساتھ منظوری دیں ۔ ملک کی تر قی تب ہی ممکن ہے جب ریاستیں ترقی یافتہ ہو ں۔ انہوں نے ریاستوں کے درمیان صحتمندانہ مسابقت کی تائید کی اور بہتر مظاہرہ کرنے والی ریاستوں کی حوصلہ افزائی کا مرکز سے مطالبہ کیا۔ن