نمس کے توسیع بلاک کا سنگ بنیاد، چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد محکمہ صحت کو اولین ترجیح دی جارہی ہے جو ملک کیلئے رول ماڈل ثابت ہورہی ہے۔ ادویات کا انسانی زندگی سے گہرا تعلق رہا ہے۔ کہا جاتا ہیکہ ڈاکٹرس اس وقت تک موجود رہیں گے جب تک بنی نوع انسان موجود ہے۔ حیدرآباد میں نمس ڈیکیڈ بلاک کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کے پہلے بجٹ 2014ء میں طبی شعبہ کیلئے 2001 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ سال 2023-24ء کے بجٹ میں 12,367 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے تلنگانہ حکومت محکمہ صحت پر کتنی زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ 550 ٹن آکسیجن خود اپنے ذاتی طور پر پیدا کررہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہیکہ مستقبل میں کورونا سے بھی زیادہ خطرناک وائرس منظرعام پر آسکتے ہیں جہاں پر طبی شعبہ مستحکم ہوگا وہاں نقصانات کم ہوں گے جس کیلئے طبی شعبہ کو بہت زیادہ مستحکم اور طاقتور بنایا جارہا ہے۔ بچوں کی نشوونما میں کوئی مسائل پیدا نہ ہو اس کیلئے حکومت نے حاملہ خواتین میں نیوٹریشن کٹس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین صحت سے طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیوٹریشن کٹ کی تقسیم سے ایک نسل صحتمند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ طبی شعبہ پر فطری طور پر تنقیدیں زیادہ اور تعریفیں کم ہوتی ہیں۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ہاسپٹلس کو عصری سہولتوں سے لیس کیا جارہا ہے اور تمام بنیادی سہولتیں فراہم کئے جارہے ہیں۔ مختلف ٹسٹ اور ادویات مفت سربراہ کی جارہی ہیں جس کے بعد عوام کا سرکاری ہاسپٹل پر اعتماد بڑھ گیا ہے۔ توقع سے زیادہ مریض ہاسپٹلس سے رجوع ہونے کے باوجود ڈاکٹرس عوام کا بہتر سے بہتر علاج کررہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے دوردراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس کو خصوصی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سرکاری ہاسپٹلس میں 30 فیصد ڈیلیوریز ہوا کرتی تھی، جو اب بڑھ کر 70 فیصد تک پہنچ گئی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ طبی شعبہ کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اچھے منصوبے اور تجاویز تیار کریں۔ ماضی میں عوام کو علاج کیلئے عثمانیہ، گاندھی اور نیلوفر جیسے ہاسپٹلس تھے۔ اب ورنگل میں عالمی سطح کا ہیلت سٹی تعمیر کیا جارہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے چاروں طرف سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ریاست کے عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ کورونا بحران کے دوران گاندھی ہاسپٹل کی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ خانگی ہاسپٹلس پیچھے ہٹ گئے تھے ان نازک حالات میں گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے سینکڑوں عوام کی زندگیاں بچائی ہیں۔ن