تلنگانہ کی پہلی ملازمت معذور خاتون کو دی جائے گی

   

گاندھی بھون میں رجنی کی ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ایک غریب معذور کم قد والی خاتون کو کانگریس برسراقتدار آتے ہی پہلا روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ نامپلی سے تعلق رکھنے والی رجنی نے آج گاندھی بھون پہنچ کر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور اپنے خاندان کی غربت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے سبب خاندان معاشی مسائل کا شکار ہے۔ سرکاری اور خانگی سطح پر کوئی روزگار میسر نہیں۔ خاتون نے کانگریس برسراقتدار آنے پر روزگار فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر ریونت ریڈی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے 9 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ حلف برداری کے بعد وہ ملازمت کیلئے سب سے پہلی دستخط رجنی کیلئے کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کانگریس کی 6 ضمانتوں سے متعلق کارڈ کو شخصی طور پر پُر کیا اور رجنی کو حوالے کرتے ہوئے کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد اسکیمات سے استفادہ کا تیقن دیا۔ کم قد نسل سے تعلق رکھنے والی خاتون نے شکایت کی کہ کئی برسوں سے حکومت روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔