ابیز کام پرائیویٹ لمیٹیڈ کے دو پروموٹرس کے خلاف ای ڈی کارروائی
نئی دہلی ۔ 17 ستمبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ میں ہمہ سطحی مارکٹنگ گروپ سے متعلق ایک اسکام میں رقمی ہیرپھیر کے ضمن میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے 278 کروڑ روپئے مالیتی دو اثاثوں کو قرق کرلیا۔ ای ڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ابیزکام پرائیویٹ لمیٹیڈ‘‘ کے دراصل پروموٹرس پون ملھان اور انیتا ملھان اور ان کے ارکان خاندان کے بینک کھاتوں میں محفوظ رقومات کے علاوہ دہلی اور نوئیڈا میں واقع چند رہائشی پلاٹس، اپارٹمنٹس، فارم ہاؤز اور کمرشیل بلڈنگس کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ قانون انسداد رقمی ہیرپھیر (پی ایم ایل اے) کے تحت جاری کردہ عبوری احکام کے ایک حصہ کے طور پر یہ قرقی عمل میں آئی ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ پون ملھان اور ان کا بیٹا ہتیک فی الحال تلنگانہ پولیس کی تحویل میں ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ اس کمپنی نے تقریباً 12 لاکھ گاہکوں کو دھوکہ دیتے ہوئے 1,064 کروڑ روپئے بٹور لیا تھا۔