تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی میں بینکرس کے رول کی اہمیت : بھٹی وکرامارکا

   

آئندہ ماہ تلنگانہ رائزنگ سمٹ، عالمی سرمایہ کاری کیلئے حیدرآباد موزوں مقام، بینکرس اجلاس سے خطاب
حیدرآباد 18 نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کے 2 سال کی تکمیل کے موقع پر 8 اور 9 ڈسمبر کو تلنگانہ رائزنگ 2047 کے تحت گلوبل سمٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے اِس سمٹ میں بینکرس سے بڑے پیمانہ پر شرکت کی اپیل کی اور کہاکہ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی میں بینکوں کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔ بھٹی وکرامارکا 47 ویں سہ ماہی بینکرس میٹنگ سے حیدرآباد میں خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے 2047 روڈ میاپ تیار کیا ہے جس کے تحت جی ڈی پی کی شرح کو 13 فیصد تک ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ تلنگانہ کی معیشت کو 3 ٹریلین امریکی ڈالر تک ترقی دی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ہر سال برقی کی طلب میں 10 فیصد اضافہ ہورہا ہے اور حکومت برقی کے شعبہ میں تلنگانہ کو خود مکتفی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2 برسوں میں حکومت نے عوام سے کئے گئے تمام اہم وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ رائزنگ کے تحت حکومت نے طویل مدتی ترقیاتی منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت ریجنل رنگ روڈ اور انڈسٹریل کاریڈار کی تعمیر کے علاوہ موسیٰ ندی کو ترقی دیتے ہوئے سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ عالمی سرمایہ کاری کے لئے حیدرآباد ہندوستان میں موزوں مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ صنعتی ترقی کے ذریعہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے اضافی مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ بھٹی وکرامارکا کے مطابق کارپوریٹ اداروں کی حوصلہ افزائی کے علاوہ سیلف ہیلپ گروپس اور چھوٹی اور متوسط صنعتوں کو مراعات کے ذریعہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کا منصوبہ ہے۔ تعلیم اور صحت حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ اُنھوں نے تعلیمی انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے بینکنگ سیکٹر کے تعاون پر زور دیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی کے علاوہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت امداد کا حوالہ دیا اور کہاکہ زرعی شعبہ کو عصری ٹیکنالوجی سے مربوط کیا جائے گا۔1