حیدرآباد۔16۔ فروری (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے 10 سینئر عہدیداروں کو آئی اے ایس کا رتبہ عطا کیا ہے۔ مرکزی وزارت پرسونل کی جانب سے دو علحدہ اعلامیے جاری کئے گئے جس میں 2019 تا 2021 ء تک آئی اے ایس کنفرڈ کئے گئے عہدیداروں کی تفصیلات جاری کی گئیں۔ ان تمام عہدیداروں کو تلنگانہ کیڈر الاٹ کیا گیا ہے۔ 2019 ء میں شریمتی اے نرملا کانتی ویسلی ، 2020 ء کے لئے کے سریواستو اور 2021 ء کے لئے بی چندر شیکھر ، سی ایچ پرینکا اور جے اروناسری کو آئی اے ایس رتبہ دیا گیا۔ ان عہدیداروں کا تعلق ریونیو ڈپارٹمنٹ سے ہے ، لہذا انہیں اسٹیٹ سیول سرویس تلنگانہ کے زمرہ میں آئی اے ایس کا رتبہ دیا گیا۔ نان اسٹیٹ سیول سرویس تلنگانہ کے زمرہ میں 2021 ء کے لئے 5 عہدیداروں کا آئی اے ایس رتبہ کیلئے انتخاب عمل میں آیا ، ان میں شریمتی کے ہریتا ، کے اشوک ریڈی ، شریمتی پی کے دیوی ، ای وی نرسمہا ریڈی اور ڈاکٹر ای نوین نکولس شامل ہیں۔ آئی اے ایس رتبہ الاٹ کئے جانے کے بعد مذکورہ 10 عہدیداروں کو نئی پوسٹنگ دی جائے گی۔ 2019 کیڈر کی شریمتی نرملا کانتی ویسلی مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدہ پر فائز ہیں۔ر