تلنگانہ کے 150 ورکرس متحدہ عرب امارات سے وطن واپس

   

رضاکارانہ تنظیم کی مدد، لاک ڈاؤن میں روزگار سے محرومی
حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) روزگار کے حصول کیلئے متحدہ عرب امارات کا رُخ کرنے والے 150 تلنگانہ ورکرس لاک ڈاؤن کے بعد روزگار سے محروم ہوگئے اور فاقہ کشی کا شکار ہوگئے۔ دبئی کی مقامی رضاکارانہ تنظیموں کی مدد سے 150 ورکرس حیدرآباد واپس ہوئے۔ غربت کے سبب اپنے خاندان کی کفالت کے مقصد سے انہوں نے دبئی کا رُخ کیا تھا لیکن کورونا لاک ڈاؤن کے آغاز کے ساتھ ہی ان کا روزگار خطرہ میں پڑ گیا۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریباً 500 ورکرس کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی تھی۔ انہیں مقامی تنظیموں کی مدد سے شیلٹر ہومس منتقل کیا گیا جہاں غذا اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئیں۔ 150 ورکرس کو حکام نے وطن واپسی کی اجازت دے دی جس پر وہ حیدرآباد واپس ہوئے ۔ ایک مقامی رضاکارانہ تنظیم نے ان کیلئے مفت فضائی ٹکٹ کا انتظام کیا۔ تنظیم کے والینٹرس دیگر ورکرس کو غذا فراہم کررہے ہیں۔ انڈین مشن کے تعاون سے ان کی واپسی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ ہندوستانی قونصل جنرل ویپل اور دیگر عہدیدار ہندوستانی ورکرس کی واپسی کے انتظامات میں مصروف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد پہنچنے کے بعد حکومت کی جانب سے ان پریشان حال مزدوروں کیلئے سرکاری خرچ پر کورنٹائن کا انتظام کیا گیا۔