تلنگانہ کے 34 اور آندھراپردیش کے 29 پولیس عہدیداروں کیلئے میڈلس

   

Ferty9 Clinic

مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جملہ 954 عہدیداروں کو پولیس میڈلس کا اعلان
حیدرآباد ۔14۔ اگست (سیاست نیوز) ملک کی یوم آزادی کے موقع پر مرکزی وزارت داخلہ نے ملک بھر کے 954 پولیس عہدیداروں کے لئے پولیس میڈلس کا اعلان کیا ہے۔ ہر سال یوم آزادی کے موقع پر پولیس عہدیداروں کو نمایاں خدمات کیلئے یہ ایوارڈس پیش کئے جاتے ہیں۔ ملک کے 229 عہدیداروں کو پولیس میڈل فار گیالینٹری کا اعلان کیا گیا ۔ 82 عہدیداروں کو راشٹرپتی وشسٹ سیوا میڈل اور 642 عہدیداروں کیلئے وشسٹ سیوا میڈلس کا اعلان کیا گیا۔ پولیس میڈل فار گیالنٹری حاصل کرنے والوں میں جموں و کشمیر کے عہدیداروں کی اکثریت ہے اور وہاں کے 55 عہدیداروں کیلئے یہ ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ مہاراشٹرا سے 33 ، سی آر پی ایف کے 27 عہدیدار ، چھتیس گڑھ سے 24 عہدیداروں کو یہ ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔ جاریہ سال راشٹرپتی گیالینٹری پولیس میڈل کے لئے سی آر پی ایف کے عہدیدار ایبونچو سنگھ کا انتخاب کیا گیا۔ تلگو ریاستوں سے بھی ایوارڈ کے لئے عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔ تلنگانہ سے 34 اور آندھراپردیش سے 29 عہدیداروں کے لئے ایوارڈس کا اعلان کیا گیا ۔ تلنگانہ کے 22 عہدیداروں کو پولیس میڈل فار گیالینٹری کے لئے منتخب کیا گیا ۔ دو عہدیداروں کو راشٹرپتی وشسٹ سیوا پولیس میڈل دیا جائے گا ۔10 عہدیداروں کا انتخاب پولیس وشسٹ سیوا میڈل کیلئے کیا گیا ہے۔ آندھراپردیش کے 18 عہدیداروں کو پولیس میڈل برائے گیالینٹری دیا جائے گا ۔ ایک عہدیدار کو راشٹرپتی وشسٹ سیوا میڈل کیلئے منتخب کیا گیا جبکہ 10 عہدیداروں کو پولیس وشسٹ سیوا میڈل دیئے جائیں گے۔ تلنگانہ سے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل وجئے کمار ، سپرنٹنڈنٹ پولیس ایم رمنا کمار اور آندھراپردیش سے ایڈیشنل ڈی جی پی ایس باگچی کو راشٹرپتی پولیس وشسٹ سیوا میڈل کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔