متیالہ دھارا آبشار میں پھنسے سیاحوں کو ایمرجنسی عملہ نے بچالیا
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موجود آبشاروں کو سیاحوں کے لئے بند کردیا گیا ہے اور تاحکم ثانی کسی بھی آبشار کے قریب سیاحوں کو جانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ ملگ میں واقع تلنگانہ کے معروف آبشار متیالہ دھارا آبشار میں گذشتہ شب پھنسے 80 سیاحوں کو ایمرجنسی عملہ نے نیشنل ڈساسٹر ریلیف فورس کی مدد سے محفوظ نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی جو کہ آبشار سے گرنے والے پانی کے بہاؤ میں اچانک تیزی آنے کی وجہ سے پھنس گئے تھے جنہیں رات بھر کی مسلسل کوشش کے بعد محفوظ نکال لیا گیا ۔ متیالہ دھارا آبشار میں پیش آئے اس واقعہ کے ساتھ ہی ریاست میں موجودہ کنٹالہ آبشار عادل آباد‘ ملیلہ تیرتھم آبشار ناگر کرنول کو سیاحوں کے لئے بند کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے بھاری پولیس بندوبست کردیاگیا اور ان راستوں کو بند کردیا گیا جو آبشار کی سمت جاتے ہیں۔ملوگو میں واقع متیالہ دھارا آبشار کی سیاحت کے لئے پہنچنے والے سیاحوں کے پھنس جانے کے ساتھ ہی ضلعی ڈساسٹر مینجمنٹ کے عہدیدار متحرک ہوگئے اور ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کی نگرانی میں راحت کاری کاموں کا آغاز کیا ۔ ابتداء میں یہ کہا گیا تھا کہ اس آبشار کا مشاہدہ کرنے کے لئے پہنچنے والے 40 سیاح پھنسے ہوئے ہیں لیکن جب این ڈی آر ایف کی مدد سے پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے اقدامات کئے گئے تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ اس آبشار کی سیاحت کے لئے پہنچنے والے 80 سیاح تھے جنہیں رات بھر کی جدوجہد کے بعد محفوظ نکال لیا گیا۔م