اقامتی اسکولس کے متعدد طلبہ متاثر ، ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے طلبہ کو گھر بھیج دیا
حیدرآباد۔11۔نومبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے اسکولو ںمیں کورونا وائر س نے دوبارہ دہشت مچانی شروع کردی ہے اور تلنگانہ کے اقامتی اسکولو ںکے علاوہ خانگی اسکولوں میں طلبہ کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے لگے ہیں۔ ریاست میں مجموعی اعتبار سے اقامتی اسکولو ںمیں تعلیم حاصل کرنے والے 58طلبہ و اساتذہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے۔ ضلع نلگنڈہ کے علاقہ کنڈہ ملے پلی دامر چرلہ ایس ٹی رہائشی اسکول میں گذشتہ دو یوم کے دوران 28طلبہ متاثر پائے گئے جبکہ گروکل پاٹھاشالہ میں تعلیم حاصل کرنے والے 423طلبہ کے معائنہ کے بعد ان میں 7طلبہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اسی منڈل کے ایک اور اسکول میں 13 طلبہ اور اساتذہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ دامر چرلہ میں موجود سوشل ویلفیر کے رہائشی اسکول میں 325طالبات زیر تعلیم ہیں جن میں 25طالبات کو بخار اور کھانسی کی علامات کے بعد 75 طالبات کا معائنہ کیا گیا جن میں 8 طالبات کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ضلع انتظامیہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ 8طالبات کو اسکول میں قرنطینہ کی سہولت نہ ہونے کے سبب انہیں ادویات کی کٹ حوالہ کرتے ہوئے ان کے مکان روانہ کردیا گیا ہے اور 12 نومبر کو تمام طالبات کا کورونا وائرس معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں 16 ماہ بعد اسکولوں کی کشادگی کے بعد تلنگانہ ہائی کور ٹ سے اجازت کے حصول کے بعد حکومت نے گذشتہ ماہ دسہرہ کی تعطیلات کے بعد رہائشی و اقامتی اسکولوں کے علاوہ ہاسٹلس کی کشادگی کے اقدامات کئے تھے اور تلنگانہ ہائی کورٹ نے تمام ہاسٹلس و رہائشی اسکولوں میں کورونا وائرس قواعد کی پابندیوںکے ساتھ کھول دینے کی اجازت فراہم کی تھی ۔ گذشتہ دنوں شہر حیدرآباد کے ایک اسکول میں ایک طالب علم کے کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے فوری بعد اسکول کو بند کردیا گیا لیکن بیشتر اسکولوں میں کورونا وائرس قواعد کی پابندیوں کے علاوہ دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اسکولوں میں تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔م