جنوب مغربی مانسون کا اثر، اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری
حیدرآباد: جنوب مغربی مانسون کے زیر اثر تلنگانہ میں بھاری بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں شدید بارش کے سلسلہ میں الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں مانسون کے زیر اثر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ تین دنوں تک جاری رہے گا ۔ محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ میدک اور کاما ریڈی میں گزشتہ دنوں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ سنگا ریڈی ، سرسلہ ، ملکاجگیری ، رنگا ریڈی ، نظام آباد ، پدا پلی ، بھوپال پلی اور وقار آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے نتیجہ میں شہری اور دیہی علاقوں میں درختوں اور برقی پولس کو نقصان پہنچا اور بعض علاقوں میں کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی متاثر رہی۔ حیدرآباد میں 126 مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات ملی ہیں جبکہ 28 مقامات پر درختوں کے گرنے کی اطلاع ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو بارش سے متعلق 206 شکایات موصول ہوئیں۔ اسی دوران راجندر نگر کے علاقہ میں سڑک پر پہاڑ کا ایک حصہ گر پڑا جس کے نتیجہ میں ٹریفک متاثر رہی ۔ اوٹر رنگ روڈ پر حکام نے ٹریفک کا رخ دوسری جانب موڑ دیا۔ اگزٹ نمبر 16 کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔ پہاڑ کی بلندی سے ایک بڑا حصہ پھسل کر سڑک پر آ گرا ۔ کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔