تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش ، عوام بے یارو مددگار

   

متعلقہ اضلاع کے انچارج وزراء غائب ، جوبلی ہلز انتخابی مہم میں مصروف
حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں جاری موسلادھار بارش اور طوفان کے اثرات کے باوجود کوئی ریاستی وزیر اپنے اضلاع میں نہیں ہیں بلکہ تمام ریاستی وزراء چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی ہدایت کے مطابق اپنی سرگرمیوں کو حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز تک محدود رکھے ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات کے نتیجہ میں ریاست کے کئی اضلاع متاثر ہونے لگے ہیں اور کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے علاوہ ازیں ریاست بھر کے اضلاع میں کسان اپنی فصلوں کے متعلق پریشان ہیں لیکن اس کے باوجود بھی ان کی دادرسی کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ اضلاع میں جہاں طوفان کی تباہ کاریوں کے سبب عوام مشکل صورتحال کا شکار ہیں وہ حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کرنے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی وزراء کی اپنے اضلاع میں عدم مو جودگی پر عوام شدید ناراضگی کا اظہار کرنے لگے ہیں جبکہ آفات سماوی کے دور میں حکومت کے ذمہ داروں کو عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کی مدد کرنے کے علاوہ انہیں دلاسہ دینے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ریاستی وزراء جو کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات میں انہیں دی گئی ذمہ داریوں کے سبب وہ جوبلی ہلز میں مصروف ہیں اسی لئے ریاست کے مختلف مقامات پر جہاں بارش کی تباہ کاریاں ہونے لگی ہیں ان کی اطلاعات بھی راحت کاری ٹیموں تک نہیں پہنچ پا رہی ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تمام ریاستی وزراء کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ انتخابات کے لئے جاری مہم کے اختتام تک شہر میں موجود رہیں اور حلقہ اسمبلی جوبلی ہلزمیں کانگریس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے کام کریں ۔ چیف منسٹر کی اس ہدایت کے بعد تمام ریاستی وزراء شہر میں ہی ہیں اور اضلاع میں جہاں طوفان کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے وہاں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔3