28 ہزار اسکول اور کالجس کا احاطہ،سالانہ 120 کروڑ کی ادائیگی
حیدرآباد ۔6۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کو مفت برقی سربراہی کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے ہیں۔ حکومت کے احکامات پر عمل آوری فی الفور کی جائے گی ۔ سکریٹری محکمہ برقی رونالڈ راس نے جی او ایم ایس 20 جاری کیا جس کے تحت ریاست کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کو برقی مفت سربراہ کی جائے گی جن میں اسکولس اور کالجس شامل رہیں گے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ڈسکامس کی جانب سے آن لائین پورٹل قائم کرتے ہوئے سرکاری تعلیمی اداروں کی تفصیلات درج کی جائیں گی۔ محکمہ جات کے سکریٹریز اسکیم کے تحت شامل کئے جانے والے تعلیمی اداروں کی تفصیلات کو قطعیت دیں گے ۔ ہر تعلیمی ادارہ کے لئے ماہانہ بلنگ کا اہتمام ہوگا اور اسے محکمہ جات کے لاگن پر پیش کیا جائے گا۔ بل کی ہارڈ کاپی متعلقہ تعلیمی اداروں کے انچارجس کو پیش کی جائے گی جس میں استعمال کئے گئے یونٹس کی تفصیلات درج ہوں گی۔ حکومت نے تعلیمی اداروں کے برقی بلز محکمہ فینانس کی جانب سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلہ سے 28 ہزار تعلیمی اداروں کو فائدہ ہوگا جن میں اسکولس، کالجس اور ہاسٹلس شامل ہوں گے۔ سرکاری خزانہ سے سالانہ 120 کروڑ روپئے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو برقی سربراہی کیلئے ادا کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سرکاری تعلیمی اداروں کے لئے مفت برقی سربراہی اسکیم پر فوری عمل آوری کی ہدایت دی ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے گروہا جیوتی اسکیم کے تحت غریب خاندانوں کیلئے ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کا آغاز کیا ہے۔ 1