خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ سے تلگو ریاستوں میں ہلکی بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔17۔ڈسمبر(سیاست نیوز) خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں دونوں تلگو ریاستوں بالخصوص پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے رائلسیما میں جاری بوندا باندی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش میں تبدیل ہوسکتی ہے اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت میں مزید 3تا4 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد کے مطابق 17 تا 21ڈسمبر کے دوران درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے علاوہ سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کم دباؤ کے نتیجہ میں ہونے والی بارشوں اور بوندا باندی کے سبب سردی میں مزید شدت پیدا ہوسکتی ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے بعد اب کہا جار ہاہے کہ اس میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی جو کہ سرد لہروں میں اضافہ کا سبب بنے گی۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں سردی کی لہر میں ہونے والے اضافہ کے متعلق ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ 4یوم کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ تلگو ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں جہاں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ساتھ ہی بارش کی بھی پیش قیاسی کی جانے لگی ہے جبکہ آندھراپردیش کے علاقہ رائلسیما کے اضلاع میں بونداباندی اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ ساحلی اضلاع میں ہونے والی بارشوں کے نتیجہ میں چلنی والی ہواؤں کے سبب کئی اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔3
