تلنگانہ کے دو گریجویٹ حلقوں میں 10 لاکھ ووٹرس کا اندراج

   

ناموں کی شمولیت کے لیے 31 دسمبر آخری تاریخ ، تمام جماعتیں سرگرم
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں گریجویٹ کے دو حلقوں کے لیے فہرست رائے دہندگان میں 10 لاکھ ووٹوں کا اندراج ہوا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد ووٹوں کے اندراج کی آخری تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع کی گئی ہے ۔ جس کے بعد مزید ووٹوں کے اندراج کا قوی امکان ہے ۔ حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر گریجویٹ حلقہ کونسل کے لیے 5 لاکھ گریجویٹس نے ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کو شامل کروایا ہے ۔ وہیں ورنگل ، نلگنڈہ اور کھمم حلقہ کے لیے 5.15 لاکھ گریجویٹس نے اپنے ناموں کا اندراج کیا ہے ۔ گذشتہ انتخابات میں دونوں حلقوں میں جملہ 5.70 لاکھ ووٹ تھے ۔ حیدرآباد ۔ رنگاریڈی اور محبوب نگر میں 2.70 لاکھ اور ورنگل ، نلگنڈہ اور کھمم میں 3 لاکھ ووٹ تھے ۔ لیکن پہلی مرتبہ تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص حکمران ٹی آر ایس نے ووٹر لسٹ میں گریجویٹس کے ناموں کی شمولیت کے لیے خصوصی مہم چلائی ۔ اس کے علاوہ کانگریس ۔ بی جے پی ۔ ٹی جے ایس ۔ تلگو دیشم ۔ کمیونسٹ جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدواروں کی جانب سے خصوصی کیمپس کا اہتمام کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کے لیے شعور بیداری کا اہتمام کیا ہے ۔ جس سے ووٹر لسٹ میں ووٹوں کا زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر حلقہ پر بی جے پی کا قبضہ ہے ۔ دوسری طرف ورنگل ، نلگنڈہ اور کھمم پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہے ۔ اس مرتبہ حکمران ٹی آر ایس دونوں حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے کام کررہی ہے ۔ بی جے پی اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے حق میں ہے جب کہ کانگریس اپنا کھاتہ کھولنے کے لیے کام کررہی ہے ۔۔