شہری ترقی پر علاقائی اجلاس، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب، مرکزی وزیر منوہرلال کھٹر کی شرکت
میٹرو ریل، موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ، گوداوری سے حیدرآباد کو پانی کی سربراہی اور ریجنل رنگ روڈ کا تذکرہ
حیدرآباد 18 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد کی تیز رفتار ترقی کے لئے مرکز سے تعاون کی اپیل کی اور زیرالتواء ترقیاتی پراجکٹس کی عاجلانہ منظوری پر زور دیا۔ چیف منسٹر آج حیدرآباد میں منعقدہ شہری ترقی کے موضوع پر جنوبی ریاستوں کے وزراء شہری ترقی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ مرکزی وزیر شہری ترقی منوہر لال کھٹر نے اجلاس کا اہتمام کیا تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی تیز رفتار معاشی ترقی کے لئے گیم چینجر پراجکٹس کی منظوری کی اپیل کی۔ اِن پراجکٹس میں موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ، حیدرآباد میٹرو ریل توسیعی پراجکٹ، ریجنل رنگ روڈ اور حیدرآباد کو گوداوری سے پانی کی سربراہی شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کو عالمی شہر کے طور پر ترقی دینے کے لئے حکومت کے منصوبہ کا ذکر کیا اور کہاکہ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے لئے حکومت جامع منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کئی ترقیاتی پراجکٹس مرکز کے پاس زیرالتواء ہیں۔ اُنھوں نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ میٹرو ریل فیز II ، موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ، ریجنل رنگ روڈ اور گوداوری کے پانی کی سربراہی کے پراجکٹس کو فوری منظوری دیں۔ چیف منسٹر نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے الیکٹرک وہیکلس کے استعمال سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں آئندہ چند برسوں میں 3 ہزار الیکٹرک بسیں متعارف کی جائیں گی۔ تلنگانہ میں عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے فیوچر سٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فیوچر سٹی کے علاوہ ڈرائی پورٹ کے منصوبہ سے تلنگانہ کی معاشی ترقی ممکن ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ ترقی کے معاملہ میں ملک کی کسی بھی ریاست سے مسابقت نہیں کررہا ہے۔ تلنگانہ کی مسابقت سنگاپور، ٹوکیو اور نیویارک جیسے شہروں سے ہے جس کے لئے مرکزی حکومت کا تعاون ناگزیر ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ رائزنگ ویژن ڈاکومنٹ 2047ء جاری کیا جائے گا۔ 2034ء تک ایک ٹریلین امریکی ڈالر اور 2047ء تک 3 ٹریلین امریکی ڈالر تک ریاست کی معیشت کو پہونچانے کا منصوبہ ہے۔ ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ تلنگانہ کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے اقدامات کریں۔ اُنھوں نے گجرات کی ترقی کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کے تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جس طرح نریندر مودی گجرات کی مدد کررہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ تلنگانہ کی بھی اُسی طرح مدد کی جائے۔1