چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس، تعاون کیلئے جامع پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملک کے مختلف ممالک بالخصوص خلیجی ممالک میں موجود تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے محکمہ جات پولیس ، جی اے ڈی ، لیبر اور وزارت خارجہ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی یکسوئی کے سلسلہ میں حکومت کو تجاویز پیش کریں۔ عہدیداروں کی تجاویز چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر برائے این آر آئیز افیرس کے ٹی راما راؤ کو پیش کئے جائیں گے تاکہ مناسب پالیسی اور طریقہ کار طئے کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے دہرایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے غیر مقیم ہندوستانیوں کے مسائل کی یکسوئی کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور ان کی بھلائی کے متمنی ہیں۔ چیف سکریٹری اور حکومت کے مشیر اعلیٰ ڈاکٹر راجیو شرما کے علاوہ چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری ایس نرسنگ راؤ نے حال ہی میں کیرالا کا دورہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کیرالا کے غیر مقیم ہندوستانیوں کی بھلائی کیلئے تیار کی گئی اسکیمات اورپالیسیوں کا جائزہ لیا تھا۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، اسپیشل چیف سکریٹری رانی کمودنی ، پرنسپل سکریٹری وکاس راج ، پرنسپل سکریٹری روی گپتا ، سکریٹری لا ڈپارٹمنٹ اے سنتوش ریڈی ، ایڈیشنل ڈائرکٹرجنرل سی آئی ڈی گووند سنگھ ،ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس شریمتی سواتی لکرا ، اروند سنگھ آئی اے ایس ، ڈی بالیا ریجنل پاسپورٹ آفیسر ، احمد ندیم کمشنر لیبر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔