تلنگانہ کے مشن بھاگیرتا کے لیے فنڈز کا مرکز سے مطالبہ

   

نیتی ایوگ نے 4 سال قبل سفارش کی تھی ، بجٹ پر کویتا کا ردعمل
حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا نے مرکزی بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم اس مرتبہ تو بھی مرکزی حکومت کو تلنگانہ کی مشن بھاگیرتا اسکیم کو فنڈز فراہم کرنا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست کے ہر گھر کو نلوں کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے مشن بھاگیرتا اسکیم تیار کی اور اس پر کامیابی سے عمل آوری ہورہی ہے ۔ جس سے ریاست کے ہر گھر کو نلوں کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ ہورہا ہے ۔ مرکزی حکومت نے خود اس کا اعتراف کیا ہے اور اس معاملے میں تلنگانہ کی ستائش کی ہے ۔ مگر فنڈز کی اجرائی میں ریاست تلنگانہ سے کوئی انصاف نہیں کیا گیا ہے ۔ نیتی ایوگ نے بھی مشن بھاگیرتا اسکیم کی ستائش کرتے ہوئے اس اسکیم پر مزید موثر عمل آوری کے لیے مرکزی حکومت سے چار سال قبل سفارش کی تھی کہ ریاست تلنگانہ کو 19,205 کروڑ روپئے جاری کرے ۔ مگر مرکزی حکومت نے نیتی ایوگ کی سفارش کا کوئی احترام نہیں کیا ہے ۔ مرکزی بجٹ میں حکومت نے ’ گھر گھر نل سے جل ‘ اسکیم کے لیے 60 ہزار کروڑ روپئے مختص کیا ہے ۔ لہذا کم از کم اس سال مشین بھاگیرتا اسکیم کے لیے فنڈز جاری کرنا چاہیے ۔ کویتا نے ریاست کے ہر گھر کو مفت پانی کا کنکشن فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔۔ ن