کئی اضلاع کو خشک سالی کا اندیشہ، وشویشور ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی، سابق وزیر جی پرساد کمار اور سابق رکن اسمبلی رام موہن ریڈی نے تلنگانہ کے پانی کے مسئلہ پر کے سی آر کی عدم سنجیدگی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ آندھرا پردیش کی جانب سے تلنگانہ کی حق تلفی کی صورت میں کئی اضلاع خشک سالی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے آندھرا پردیش حکومت کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کے اعلان کا خیرمقدم کیا تاہم کہا کہ حکومت کو تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ تک جدوجہد جاری رکھنی چاہیئے۔ وشویشور ریڈی نے بتایا کہ جس وقت وہ ٹی آر ایس میں تھے انہوں نے آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وقارآباد ضلع کو پینے کے پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں کے سی آر کی توجہ مبذول کرائی اور پانی سربراہ کئے جانے پر کے سی آر کا مندر تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ کے بارے میں تلنگانہ حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔
