تلنگانہ کے نئے گورنر شیو پرتاپ شکلا کی چہارشنبہ کو حلف برداری

   

40 سالہ تجربہ کار سیاستداں کے تقرر سے بی جے پی حلقوں میں خوشی کا ماحول، 16 مارچ کو اسمبلی اور کونسل اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔9 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے گورنر شیوار پرتاپ شکلا توقع ہے کہ 11 مارچ کو عہدہ کا حلف لیں گے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق لوک بھون میں تقریب حلف برداری منعقد ہوگی جس میں 11.30 بجے چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ اپریش کمار سنگھ گورنر کو حلف دلائیں گے۔ گورنر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد شیوا پرتاپ شکلا 16 مارچ کو 11.45 بجے بجٹ سیشن کے آغاز پر اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ جشنو دیو ورما کو مرکز نے تلنگانہ سے تبادلہ کرتے ہوئے مہاراشٹرا کا گورنر مقرر کیا ہے۔ راج بھون کے عہدیداروں اور ملازمین کی جانب سے جشنو دیو ورما کی وداعی تقریب منعقد کی گئی۔ لوک بھون کے عہدیداروں ، اسٹاف اور ان کے افراد خاندان نے گورنر جشنو دیو ورما کے ساتھ اپنی خوشگوار یادوں کا ذکر کیا۔گورنر نے ہر ایک عہدیدار اورملازم سے شخصی طور پر ملاقات کی اور گورنر کی حیثیت سے فرائض کی انجام دہی میں تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ عہدیدار اور اسٹاف آئندہ بھی پوری سنجیدگی کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔ گورنر کے سکریٹری اسپیشل چیف سکریٹری دانا کشور نے تہنیت پیش کی اور یادگاری مومنٹو پیش کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کل لوک بھون پہنچ کر گورنر سے وداعی ملاقات کی تھی۔ اترپردیش کے گورکھپور ضلع سے تعلق رکھنے والے سینئر بی جے پی لیڈر شیو پرتاپ شکلا کے تقرر پر بی جے پی حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ شکلا 40 سالہ سیاسی تجربہ رکھتے ہیں اور وہ اترپردیش میں تین مرتبہ ریاستی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2017-19 شیو پرتاپ شکلا وزیراعظم نریندر مودی کی کابینہ میں مملکتی وزیر فینانس رہے۔ شکلا کا یکم اپریل 1952 کو اترپردیش کے گورکھپور ضلع کے موضع ردرا پور میں جنم ہوا۔ انہوں نے گورکھپور یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور 1970 میں بی جے پی کی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد سے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ 1975 میں ایمرجنسی کے دوران وہ 19 ماہ تک جیل میں رہے ۔ وہ گورکھپور اربن اسمبلی حلقہ سے1989 تا 1996 چار مرتبہ منتخب ہوئے۔ فروری 2024 میں انہیں ہماچل پردیش کا گورنر مقرر کیا گیا اور اب ان کا تبادلہ تلنگانہ ہوا ہے۔ شیو پرتاپ شکلا علحدہ تلنگانہ ریاست کے چوتھے گورنر ہیں۔ ای ایس ایل نرسمہن ، ٹی سوندرا راجن اور جشنو دیو ورما کے بعد شکلا تلنگانہ کے چوتھے گورنر ہیں۔ جشنو دیو ورما نے اپنے دور میں کانگریس حکومت کے ساتھ کوئی تنازعہ پیدا نہیں کیا اور وہ حکومت کے ساتھ بہتر تال میل برقرار رکھے ہوئے تھے۔ بی جے پی کے 40 سالہ تجربہ کار سیاستداں شیو پرتاپ شکلا کے تقرر سے امید کی جارہی ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔1