تلنگانہ کے پانچ آئی اے ایس عہدیداروں کو نئی پوسٹنگ کا انتظار

   

Ferty9 Clinic

چار عہدیدار ایک سال سے منتظر ، پرموشن کے باوجود آئی پی ایس عہدیداروں کو پوسٹنگ نہیں، عہدیداروں میں بے چینی
حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پوسٹنگ کا انتظار کرنے والے آئی اے ایس عہدیداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال نومبر سے چار عہدیدار نئی پوسٹنگ کے منتظرہیں جبکہ گزشتہ دنوں فہرست میں مزید ایک عہدیدار کا اضافہ ہوگیا۔ تلنگانہ میں ایک طرف آئی اے ایس عہدیداروں کی کمی ہے اور سینئر عہدیداروں کو اضافی ذمہ داری دی گئی ۔ باوجود اسکے پانچ عہدیداروں کی پوسٹنگ میں تاخیر سے عہدیداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ آئی اے ایس عہدیداروں کیلئے پوسٹنگ کا انتظار انتہائی صبر آزما مرحلہ ہوتا ہے ۔ تبادلہ کے بعد انہیں اگر نئی پوسٹنگ نہیں دی گئی تو جی اے ڈی سے رجوع ہونے کی ہدایت دی جاتی ہے ۔ یہ محکمہ عہدیداروں کے تبادلوں اور نئی پوسٹنگ کا ذمہ دار ہوتا ہے ۔ حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کئے تھے ، ان میں چار کو ابھی تک پوسٹنگ نہیں دی گئی جن میں سندیپ کمار جھا ، عبدالعظیم ، وی وینکٹیشورلو اور انیتا رام چندرن شامل ہیں۔ اس فہرست میں شیشانگ کا اضافہ ہوگیا جن کا کلکٹر کریم نگر عہدہ سے حال میں اچانک تبادلہ کردیا گیا ۔ تبادلہ کی وجوہات بیان کئے بغیر انہیں جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ سیول سرویس عہدیداروں کی اکثریت کا تعلق حکمران پارٹی حامیوں میں ہوتا ہے۔ حکومت کی تبدیلی پر عہدیدار بھی بہتر پوسٹنگ و ترقی کیلئے حکومت سے قربت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ 7 برسوں میں کئی آئی اے ایس عہدیدار سینیاریٹی کے بغیر ترقی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سومیش کمار کا تعلق آندھرا کیڈر سے ہے ، لیکن انہیں چیف سکریٹری بنایا گیا ۔ حالانکہ ان سے زیادہ سینئر عہدیدار موجود ہیں۔ سومیش کمار کے تقرر کے بعد عہدیداروں میں بے چینی اور ناراضگی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ ایسے عہدیداروں کو پوسٹنگ دی جارہی ہے جو حکومت کی مرضی کے کام کرتے ہیں۔ پانچ آئی اے ایس عہدیداروں کو پوسٹنگ کے بغیر انتظار میں رکھنے پر عہدیداروں میں مختلف اندازے ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ انہیں بطور سزا پوسٹنگ نہیں دی گئی۔ بعض عہدیداروں نے اثر و رسوخ کا استعمال کرکے پوسٹنگ حاصل کرلی ۔ دوسری طرف آئی پی ایس عہدیداروں کو تبادلوں و ترقی کا انتظار ہے ۔ کئی عہدیدار ایسے ہیں جنہیں ترقی کے باوجود پرانی پوسٹنگ پر رکھا گیا ۔ ایسے عہدیداروں کو ترقی کے ساتھ نئی پوسٹنگ کا انتظار ہے ۔ حال میں چیف منسٹر نے آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں کو دو مرتبہ ملتوی کردیا۔