وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کا الزام، دھان کی خریدی پر مرکز سے موقف کی وضاحت کا مطالبہ
حیدرآباد۔/17نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی تلنگانہ کے پُرامن ماحول کو بگاڑنے کیلئے مذہبی جذبات مشتعل کررہی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ بی جے پی کا مقصد عوام کے درمیان نفرت اور دوری پیدا کرنا ہے تاکہ اس کے ووٹ بینک میں اضافہ ہو۔ ملک بھر میں بی جے پی عوام کے درمیان پھوٹ پیدا کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کررہی ہے۔ کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ کا پُرامن ماحول بی جے پی کو برداشت نہیں ہورہا ہے۔ کبھی کسانوں تو کبھی کسی اور عنوان سے بی جے پی قائدین پدیاترا اور جلسوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی جانب سے دھان کی خریدی کا جائزہ لینے اضلاع کے دورے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کے ایشور نے کہا کہ کسانوں سے دھان کی خریدی کے معاملہ میں مرکزی حکومت کا موقف غیر واضح ہے۔ مرکز نے ریاست کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے دھان کی خریدی سے انکار کیا جس کے نتیجہ میں تلنگانہ حکومت کسانوں کو متبادل فصلوں کا انتخاب کرنے کی رہنمائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کو دھان کی خریدی کے بارے میں مرکز سے مکتوب حاصل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں بنڈی سنجے کے دورہ کے موقع پر کسانوں نے مرکزی حکومت کی پالیسی پر وضاحت طلب کی اور بی جے پی کے غنڈہ عناصر نے کسانوں پر حملہ کیا۔ کے ایشور نے نلگنڈہ کے واقعات کیلئے بنڈی سنجے سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کا دورہ کرنے سے قبل مرکزی حکومت کو دھان کی خریدی کی پالیسی واضح کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فیصلہ کے مطابق پارٹی نے دھان کے مسئلہ پر مہا دھرنا منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کسانوں کو انصاف دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ کے ایشور نے کہا کہ حضورآباد کی کامیابی سے بی جے پی یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ ریاست میں اس کا موقف مستحکم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور عوام بی جے پی کی ہرگز تائید نہیں کریں گے۔ر