سوریا پیٹ ، وقار آباد ، نلگنڈہ اور نارائن پیٹ میں کورونا کیسس کا انکشاف
حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا کیسیس میں اچانک اضافہ کے بعد 4 اضلاع گرین زمرہ سے محروم ہوگئے۔ سوریا پیٹ ، وقار آباد ، نلگنڈہ اور نارائن پیٹ میں کورونا کے نئے کیسیس منظر عام پر آنے کے بعد سے ان اضلاع کو گرین زون کی فہرست سے علحدہ کردیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا گزشتہ دو دنوں کے دوران مذکورہ اضلاع میں کورونا پازیٹیو کیسیس منظر عام پر آئے ۔ ریاست میں کورونا پازیٹیو کیسیس کی جملہ تعداد بڑھ کر 1991 ہوچکی ہے اور 120 مریضوں کو علاج کے بعد گھر روانہ کردیا گیا ۔ اگرچہ چاروں اضلاع میں کل ایک ایک کیس منظر عام پر آیا لیکن ان اضلاع کو گرین زون کی فہرست سے نکال دیا گیا ۔ گزشتہ 14 دنوں کے دوران ان اضلاع میں ایک بھی کیس نہیں تھا۔ حکام کے مطابق اب یہ چاروں اضلاع آرینج زون میں شمار کئے جائیں گے۔ اضلاع میں کورونا وائرس کے واقعات میں اضافہ نے حکومت کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومت 33 کے منجملہ 25 اضلاع کو گرین زون قرار دے چکی تھی اور وہ کورونا پر مکمل قابو پانے کا دعویٰ کر رہی تھی ۔ روزانہ جن اضلاع میں کورونا کے کیسیس پائے جائیں اسے ریڈ زون میں شامل کیا جاتا ہے جبکہ نئے کیسیس منظر عام پر آنے کی صورت میں گرین زون قرار پاتے ہیں۔ ایسے اضلاع جہاں 14 تا 28 دنوں میں کوئی نیا کیس منظر عام پر نہ آئے، اسے گرین زون میں شامل کیا جاتا ہے ۔