رات 10 بجے سے کرفیو، کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کو عمل آوری کی ہدایت
حیدرآباد۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ لاک ڈائون کی نئے قواعد کے پس منظر میں تلنگانہ حکومت نے بھی کنٹیمنٹ زونس میں 31 جولائی تک لاک ڈائون میں توسیع کے احکامات جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس سلسلہ میں جی او ایم ایس 93 جاری کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ کے احکامات کے عین مطابق غیر کنٹینمنٹ علاقوں میں مزید رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق رات 10 تا صبح 5 بجے عوام کی نقل و حرکت پر سختی سے پابندی رہے گی۔ یعنی نائیٹ کرفیو کے اوقات میں ایک گھنٹے کی مزید نرمی دی گئی ہے۔ روزانہ رات 9 بجے سے نائٹ کرفیو نافذ کیا جارہا تھا لیکن اب یکم جولائی سے 31 جولائی تک نائٹ کرفیو رات 10 بجے سے رہے گا۔ اس مدت کے دوران صنعتوں میں مختلف شفٹ میں کام کرنے والے افراد، نیشنل اور ریاستی ہائی ویز پر لوڈنگ، ان لوڈنگ، کارگو سرویسس کے لیے متعلقہ افراد کی آمد و رفت کے علاوہ بس، ٹرین اور ایروپلین سے آنے والے افراد کی نقل و حرکت کی اجازت رہے گی۔ رات 9:30 بجے تمام دکانات اور تجارتی ادارے بند کردیئے جائیں گے۔ ہاسپٹلس اور فارماسس کو کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی۔ ضلع کلکٹرس اور اضلاع کے کمشنر و سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو فوری اثر کے ساتھ قواعد پر سختی کی عمل آوری کی ہدایت دی گئی۔ واضح رہے کہ یہ احکامات ساری ریاست میں نافذ رہیں گے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں لاک ڈائون کے نفاذ کی صورت میں احکامات پر عمل آوری اضلاع میں جاری رہے گی۔