تلنگانہ گلوبل سمٹ میں وزیر اعظم مودی و راہول گاندھی کو دعوت

   

تمام چیف منسٹرس اور اہم صنعت کار بھی مدعو رہیں گے، ویژن دستاویز کی 6 ڈسمبر تک تیاری کی ہدایت، چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس

حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ رائزنگ 2047 دستاویز کی تیاری کے لئے ریاستی وزراء اور عہدیداروں کو 2 ڈسمبر تک قطعی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے آج ویژن ڈاکومنٹ کی تیاری کے سلسلہ میں ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سرینواس ریڈی، کونڈا سریکھا، وی سری ہری، جوپلی کرشنا راؤ، پونم پربھاکر، ڈی سریدھر بابو، دامودر راج نرسمہا، محمد اظہر الدین، اے لکشمن کمار کے علاوہ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ رائزنگ ڈاکومنٹ کے ضمن میں پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعہ ڈاکومنٹ میں شامل کئے جانے والے امور کا احاطہ کیا۔ چیف منسٹر نے 2 ڈسمبر کی شام تک تلنگانہ رائزنگ ڈاکومنٹ کی تیاری اور حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 3 اور 4 ڈسمبر کو تمام محکمہ جات کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا چیف سکریٹری اور اسپیشل چیف سکریٹری، چیف منسٹر کے دفتر کے عہدیدار جائزہ لیتے ہوئے ضروری تمیمات کریں گے۔ 6 ڈسمبر کی شام تک تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 ڈاکومنٹ تیار کرلیا جائے گا۔ انہوں نے تمام محکمہ جات کو مقررہ وقت پر تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ ڈاکومنٹ میں ریاست کے تمام فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کو شامل کیا جاسکے۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کی ترقی کے لئے پالیسی ڈاکومنٹ ملک کے لئے پیش کیا جارہا ہے۔ عالمی سطح کے اداروں کی جانب سے تلنگانہ کے نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کی ٹریننگ کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویژن ڈاکومنٹ میں تمام اسٹیٹ ہولڈرس کی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے۔ تلنگانہ کو 3 علیحدہ معاشی زونس میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ یکساں ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ملک کے میٹرو پولیٹن شہر فی الوقت آلودگی کی صورتحال سے نمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہ شہری، نیم شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے علیحدہ منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ آلودگی کا سبب بننے والی صنعتوں کو آؤٹ رنگ کے باہری حدود میں منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ورنگل، عادل آباد، کتہ گوڑم اور راماگنڈم میں نئے ایئرپورٹس قائم کئے جارہے ہیں۔ ہائی وے، ایئر پورٹ اور پورٹ کو مربوط کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2034 تک ایک ٹریلین اور 2047 تک تین ٹریلین ڈالر معیشت کی ترقی کے لئے تمام محکمہ جات کو متحدہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لئے چین، جاپان، ساوتھ کوریا اور سنگاپور رول ماڈل ہیں اور ان کے ترقیاتی منصوبہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ ویژن ڈاکومنٹ تیار کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر گلوبل سمٹ کا دعوت نامہ جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور قائد اپوزیشن راہول گاندھی کو سمٹ میں مدعو کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر شخصی طور پر ان دونوں سے بات کرتے ہوئے دعوت نامہ حوالے کریں گے۔ تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس، نامور صنعت کار، کھلاڑیوں اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ شخصیتوں کو گلوبل سمٹ میں مدعو کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ گلوبل سمٹ میں 4500 مندوبین کو تاحال دعوت نامے روانہ کئے گئے ہیں۔ 1