تلنگانہ ہائیکورٹ کیلئے 6 ججس کے ناموں کی سفارش

   

حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا کی قیادت میں کالجیم نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ کیلئے 6 ججس کے ناموں کی سفارش کی ہے۔ اس کے علاوہ انکم ٹیکس اپیلیٹ ٹریبونل کے رکن کیلئے ایک نام کی سفارش کی گئی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں گزشتہ دو برسوں سے ججس کی تعداد میں اضافہ کا مسئلہ زیر التواء ہے۔ جسٹس این وی رمنا نے اپنے حالیہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر وکلاء برادری کو تیقن دیا تھا کہ وہ تلنگانہ میں ججس کی تعداد میں اضافہ کی مساعی کریں گے۔ چیف جسٹس کی زیر قیادت کالجیم نے ججس کے طور پر جن 6 ناموں کی سفارش کی ہے ان میں پی سری سدھا، سی سوما لتا، ڈاکٹر جی رادھا رانی، ایم لکشمن، این تکا رام جی اور اے وینکٹیشور ریڈی شامل ہیں۔ انکم ٹیکس اپیلیٹ ٹریبونل کے رکن کے طور پر پی مادھوی ریڈی کا نام تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے دو سال قبل سپریم کورٹ کو روانہ کیا گیا تھا جسے منظوری دے دی گئی۔بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے حال ہی میں ججس کے طور پر تقرر کیلئے بار کونسل کوٹہ سے 7 ایڈوکیٹس کے ناموں کی سفارش کی ان میں 2 گورنمنٹ پلیڈرس سی وی بھاسکر ریڈی ، شرون کمار، ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر جے سری دیوی، سی بی آئی کونسل سریندرا کے علاوہ محمد سیف اللہ بیگ، نند ا اور سدھیر کمار شامل ہیں۔R