کرناٹک کے نومنتخب چیف منسٹر و ڈپٹی چیف منسٹر کو مدعو کیا گیا
حیدرآباد۔27۔مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نومنتخبہ چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا اور ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار کو 2جون تا22جون بی آر ایس حکومت کے خلاف احتجاج میں شرکت کیلئے مدعو کریگی۔ کانگریس نے ریاست میں بی آر ایس کی بدعنوانیو ںاور خاندانی حکمرانی کے خلاف تاسیس تلنگانہ کی 10 سالہ تقاریب کے دوران احتجاجی پروگرامس کا اعلان کیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ کانگریس تلنگانہ قائدین نے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا کہ ریاست میں احتجاجی پروگرامس میں شرکت کیلئے کرناٹک کے چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کو بھی مدعو کیا جائے ۔ بتایاجاتا ہے کہ 2جون کو تلنگانہ کے یوم تاسیس کے ساتھ ہی کانگریس کی جانب سے بھی جشن تلنگانہ کے پروگرامس کے علاوہ مخالف بی آر ایس احتجاجی پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تلنگانہ عوام میں حکومت کی حقیقت کو پیش کیا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ کانگریس کی مہم میں چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدا رامیا اور ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار نے شرکت سے اتفاق کرلیا ہے۔ تلنگانہ کانگریس نے یوم تاسیس تقاریب میں تشکیل تلنگانہ میں کانگریس اور سونیاگاندھی کے کردار کو عوام میں پیش کرنے اور ریاست کے تمام منڈلوں میں پرچم کشائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کی بدعنوانیوں اور خاندانی حکمرانی کے علاوہ غریب عوام کو فلاحی اسکیمات سے محروم رکھنے کے خلاف کانگریس نے 2جون سے مہم میں شدت پیدا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔م