تلنگانہ یوم تاسیس کی تیاریاں، شہر اور اضلاع میں پرچم کشائی

   

چیف منسٹر حیدرآباد میں اور ریاستی وزراء کو اضلاع میں پرچم کشائی کی ذمہ داری
حیدرآباد ۔29۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر 2 جون کو حکومت نے بڑے پیمانہ پر تقاریب منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں رسمی طور پر تقاریب منعقد کی جائیں گی جس میں وزراء اور عوامی نمائندے شہیدان تلنگانہ کو خراج ادا کرتے ہوئے قومی پرچم لہرائیں گے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حیدرآباد میں شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کرنے کے بعد پرگتی بھون میں پرچم کشائی انجام دیں گے ۔ حکومت نے 32 اضلاع میں پرچم کشائی کیلئے وزراء اور دیگر عوامی نمائندوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر صبح 9 بجے پرچم کشائی انجام دی جائے گی۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور جگتیال میں پرچم کشائی انجام دیں گے۔ ان کے علاوہ اسپیکر قانون ساز اسمبلی پی سرینواس ریڈی کاما ریڈی ، وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کھمم، وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر کریم نگر ، وزیر اکسائز سرینواس گوڑ محبوب نگر ، وزیر بہبودیٔ خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڑ محبوب آباد ، ٹی سرینواس یادو میدک ، وزیر لیبر ملا ریڈی میڑچل ، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نلگنڈہ ، نائب صدرنشین کونسل ایم ودیا ساگر نارائن پیٹ ، وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی نرمل ، وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نظام آباد ، وزیر صحت ای راجندر پدا پلی ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راماراؤ سرسلہ ، وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی رنگا ریڈی ، وزیر داخلہ محمود علی سنگا ریڈی ، وزیر فینانس ہریش راؤ سدی پیٹ ، وزیر برقی جگدیش ریڈی سوریا پیٹ ، ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ وقار آباد ، وزیر زراعت نرنجن ریڈی ونپرتی اور وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ ورنگل رورل میں پرچم کشائی انجام دیں گے۔ مقامی ا رکان اسمبلی، میئرس ، ضلع پریشد، چیر پرسن اور دیگر عوامی نمائندے کلکٹریٹس میں منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے ۔ ارکان اسمبلی ، میئرس ، ضلع پریشد چیر پرسن ، ڈسٹرکٹ کوآرپریٹیو سنٹرل بینک چیر پرسن اور میونسپل چیر پرسن اپنے اپنے ہیڈ آفس پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ منڈل پرجا پریشد اور گرام پنچایت دفاتر پر بھی پرچم کشائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام سرکاری دفاتر میں پرچم کشائی کا اہتمام کیا جائے گا۔ کووڈ۔19 کے احتیاطی اقدامات کے طور پر ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال لازمی رہے گا ۔ تقریب میں سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔