تلنگانہ یونیورسٹی کے دو روزہ قومی سمینارکا اختتامی اجلاس

   

نظام آباد :25؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ یونیورسٹی کے شعبہ معاشیات کے زیر اہتمام دو روزہ قومی سمینار بعنوان ”Empowering India 2047: Strategies for Sustainable Development” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس سمینار کی سرپرستی ڈاکٹر اے۔ پُنّیا نے کی، جبکہ اختتامی اجلاس میں رجسٹرار پروفیسر ایم یادگیری مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔اپنے خطاب میں پروفیسر یادگیری نے یاد دلایا کہ 1992ء میں منعقدہ تاریخی ارتھ سمٹ کے دوران اقوامِ متحدہ کے 178 رکن ممالک نے اس سمت میں بنیاد رکھی تھی۔۔ بعد ازاں 2000ء میں ”ملینیم ڈویلپمنٹ گولز” کے تحت غربت کے خاتمے کا عالمی ہدف مقرر کیا گیا، جس کی مدت 2015ء تک متعین تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ 2002ء میں جنوبی آفریقہ میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی سطح پر عزمِ نو کیا گیا، جس کے بعد 2015ء میں اقوامِ متحدہ نے 2030ء تک حاصل کیے جانے والے 17 ترقیاتی اہداف کا اعلان کیا۔ انہی رہنما یانہ اصولوں کی روشنی میں ہندوستان نے 2047ء تک ایک ترقی یافتہ خوشحال اور خود کفیل ملک بننے کے مقصد کے تحت جامع پالیسیوں اور حکمتِ عملیوں کا خاکہ تیار کیا ہے۔اختتامی اجلاس میں دیگر ممتاز ماہرین نے بھی شرکت کی جن میں یونیورسٹی آف حیدرآباد سے پروفیسر رانی رتن پربھا، پروفیسر چٹیڈو کرشنا ریڈی اور ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر اوپن یونیورسٹی سے پروفیسر کے۔ کرشنا ریڈی شامل تھے۔ دوسرے دن کی تکنیکی نشستوں کی صدارت بھی مذکورہ ماہرین نے کی، جبکہ ڈاکٹرس سرسوتی، شرَددھا نندم، سوندریا، سدھالکشمی اور سجاتا نے کارروائی کی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیں۔سمینار میں پروفیسر رویندر ریڈی، ڈاکٹر ناگرَاجو پاتھ، ڈاکٹر سوپنہ، ڈاکٹر محمد عبدالقوی (ڈائریکٹر مینارٹی سیل، تلنگانہ یونیورسٹی) سمیت دیگر معزز اساتذہ، مہمان اسکالرز، مقالہ نگار اور طلبہ کی بڑی تعداد نے پرجوش انداز میں شرکت کی۔