تلنگانہ یونیورسٹیز کے کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کا احتجاج

   

حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے یونیورسٹیز میں اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات کے نوٹیفکیشن کے خلاف مختلف یونیورسٹیز میں خدمات انجام دینے والے 1175 کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس نے احتجاج منظم کیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او 21 سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کی کوآرڈینیشن کمیٹی کی اپیل پر مختلف یونیورسٹیز میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس نے کونسل فار ہایئر ایجوکیشن کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ پولیس کی جانب سے احتجاجیوں کی گرفتاری اور رات دیر گئے رہائی کے خلاف کل جمعرات کو تمام یونیورسٹیز میں بند کی اپیل کی گئی۔ کنٹراکٹ ملازمین گذشتہ کئی برسوں سے ریاست کی 12 یونیورسٹیز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حکومت نے ان کی خدمات کو کانگریس کے منشور میں دیئے گئے تیقن کے ذریعہ باقاعدہ بنانے کے بجائے نئے تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ 10 تا 20 برسوں سے کنٹراکٹ ملازمین اپنی خدمات کے ذریعہ یونیورسٹی میں نصاب کی تکمیل کررہے ہیں۔1