تلنگانہ ۔مہاراشٹرا سرحدی علاقوں میں ریلوے لائن متاثر

   

کئی ٹرینیں منسوخ، بعض کے راستے تبدیل :چیف پی آر او ریلوے
کاماریڈی۔28 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے سرحدی اضلاع میں گذشتہ دو دنوں سے جاری موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں ریلوے پٹریوں پر پانی جمع ہوجانے کے باعث ریلوے انتظامیہ نے کئی ٹرینوں کو منسوخ اور بعض کو دیگر راستوں کی طرف موڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر سریدھر کی اطلاع کے مطابق بھکنور۔ تلمڈلہ سیکشن اور اکن پیٹ۔ میدک سیکشن پر پانی بھر جانے سے یہ فیصلہ کیا گیا۔ریلوے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 28 اگست سے یکم؍ ستمبر تک مختلف دنوں میں اکلہ، پورنا، پارلی، ناندیڑ، جالنا اور عادل آباد جانے والی تقریباً 22 ٹرینیں منسوخ رہیں گی۔ ان میں 17683 آکولا۔ پورنا، 17616 عادل آباد۔ پورنا، 17405 تروپتی۔ عادل آباد، 17406 عادل آباد۔ تروپتی، 17409 عادل آباد۔ ناندیڑ اور 17410 ناندیڑ۔ عادل آباد جیسی اہم ٹرینیں شامل ہیں۔ اسی طرح یکم ستمبر کو ناندیڑ۔ میڑچل ٹرین بھی منسوخ رہے گی۔اس کے علاوہ بعض ٹرینوں کو متبادل راستوں سے چلایا جارہا ہے جن میں تروپتی۔ حصار ٹرین کو کاچی گوڑہ، سکندرآباد، ویکارآباد اور پرلی۔ پورنا کے راستہ منتقل کیا گیا ہے جس میں ملکاجگری، مڈچل، کاماریڈی، نظام آباد، باسر اور ناندیڑ جیسے اسٹاپس منسوخ ہوگئے ہیں۔ اسی طرح نرساپور۔ ناگرسول ٹرین کو چارلا پلی، سکندرآباد اور پرلی۔ پربھنی کے راستہ کو بھی ڈائیورٹ کیا گیا ہے اور اس کے بھی کئی اسٹاپس بشمول کاماریڈی اور نظام آباد منسوخ کردیے گئے ہیں۔محکمہ ریلوے نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی روانگی سے قبل ریلوے کے آفیشل ذرائع سے معلومات حاصل کریں کیونکہ موسمی حالات کے پیش نظر مزید تبدیلیوں کا اندیشہ ہے۔