مزید نو افراد کی عنقریب گرفتاری، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلگو اکیڈیمی کے فکسڈ ڈپازٹ غبن کے معاملہ میں حیدرآباد پولیس نے اب تک 6 ملزمین کو گرفتار کیا ہے جبکہ مزید 9 کی گرفتاری عنقریب عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ڈسمبر سے اب تک دھوکہ بازوں نے 64 کروڑ 50 لاکھ کی دھوکہ دہی کی ہے اور کاروان اور سنتوش نگر کے یونین بینک آف انڈیا کے برانچ اور کنارا بینک کے چندا نگر برانچ سے یہ دھوکہ دہی انجام دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس غبن کا سرغنہ سائی کمار کا تعلق حیدرآباد سے ہے جو پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر ہے۔ سائی کمار نے سابق میں آندھرا پردیش میناریٹی ویلفیر سوسائٹی کے فکسڈ ڈپازٹ کا بھی جعلسازی کے ذریعہ غبن کیا تھا جس کے نتیجہ میں اسے سی آئی ڈی پولیس نے گرفتار کیا تھا جبکہ اے پی ہاوزنگ بورڈ کے علاوہ چینائی کے شمالی کول فیلڈ کے 25 کروڑ فکسڈ ڈپازٹ غبن میں بھی ملوث ہے اور اس کیس کی تحقیقات سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دھوکہ دہی معاملہ میں تلگو اکیڈیمی ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ایس رمیش، کنارا بینک کے برانچ منیجر ایم سادھنا، این وینکٹ رمنا کے علاوہ ایک آر ایم پی ڈاکٹر وینکٹیشور راؤ، ضلع کھمم کا رئیل اسٹیٹ تاجر سوما شیکھر عرف راجکمار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں ملوث بینک ملازمین کے علاوہ تمام ملزمین رئیل اسٹیٹ کاروبار میں ہیں۔ انجنی کمار نے کہا کہ سائی کمار جو سابق میں بڑے پیمانے پر فکسڈ ڈپازٹ کی رقومات کو دھوکہ دہی کے ذریعہ حاصل کرنے میں ماہر ہے تلگو اکیڈیمی کے کیس میں بھی اس نے بڑی آسانی سے دھوکہ بازی کی ہے۔ رئیل اسٹیٹ کاروبار میں سرمایہ کاری میں ہوئے نقصان کی پابجائی کیلئے سائی کمار نے اکیڈیمی کے فنڈز حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دیا۔ پولیس کمشنر نے کہاکہ تلگو اکیڈیمی کے فنڈز میں غبن کیلئے منصوبہ بند سازش کی گئی جس میں مزید 9 ملزمین کے ملوث ہونے کا پتہ چلا ہے اور ا نہیں عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سی سی ایس اویناش موہنتی نے کہا کہ یونین بینک آف انڈیا کے منیجر شیخ مستان ولی اور کنارا بینک کے منیجر سادھنا نے اس میں سرگرم رول ادا کیا ہے۔ ایف ڈی آر کی حاصل کردہ رقم کو تلگو اکیڈیمی کے فرضی بینک کھاتہ میں منتقل کیا گیا اور بعد ازاں ان رقومات کو نکال لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ایس پولیس نے کریڈٹ سوسائٹی کے چیرمین ستیہ نارائن راؤ اور اس کی بہن وی پدماوتی کے علاوہ منیجر سید محی الدین کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ب