تلگو اکیڈیمی کے64 کروڑ اسکام کی رقم وجئے واڑہ منتقل

   

سی سی ایس تحقیقات میں پیش رفت، سابق ڈائرکٹر اور اکاؤنٹس آفیسر کو نوٹس کی اجرائی

حیدرآباد۔/3اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلگو اکیڈیمی کے 64 کروڑ اسکام کی تحقیقات میں سی سی ایس پولیس کو اہم سراغ حاصل ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزمین نے بینک میں موجود 64 کروڑ کے فکسڈ ڈپازٹ کی رقم کو حاصل کرتے ہوئے گاڑیوں کے ذریعہ حیدرآباد سے وجئے واڑہ منتقل کیا۔ پولیس نے اس معاملہ میں 3 عہدیداروں کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کیا ہے جس کے دوران کئی اہم انکشافات ہوئے ہیں۔ پولیس اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے کہ کونسی گاڑی میں یہ رقم منتقل کی گئی اور کس نے کتنی رقم حاصل کی ہے۔ اسکام میں ملوث دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی سی ایس پولیس نے اس معاملہ میں انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں کو بھی اطلاع دی ہے۔ اسی دوران یونین بینک آف انڈیا کاروان برانچ کے اس وقت کے چیف منیجر شیخ مستان ولی کو سی سی ایس نے حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فکسڈ ڈپازٹ سے متعلق نقلی دستاویزات کو قبول کرتے ہوئے مستان ولی نے رقم کی اجرائی میں مدد کی۔ یہ رقم یونین بینک سے وتھ ڈرا کرنے کے بعد اگرسین بینک میں اے پی مرکنٹائیل کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کی گئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس معاملہ میں اور بھی افراد ملوث ہوسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کاروان اور سنتوش نگر برانچس سے 60 کروڑ جبکہ چندا نگر کنارا بینک برانچ سے 11 کروڑ وتھ ڈرا کئے گئے۔ اسکام کی مجموعی مالیت 64 تا 71 کروڑ بتائی جاتی ہے تاہم تحقیقات کی تکمیل کے بعد حقیقی رقم کا پتہ چلے گا۔ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ چھ ماہ قبل اس اسکام کی منصوبہ بندی کی گئی اور یہ رقم وجئے واڑہ منتقل کی گئی۔ اسی دوران پولیس نے تلگو اکیڈیمی کے سابق ڈائرکٹر سومی ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے اور انہیں تحقیقات کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی۔ ان کے علاوہ اکاؤنٹس عہدیدار رمیش کو بھی نوٹس دی گئی۔ر