حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ، دہلی ،جھارکھنڈ اور آندھرا پردیش ریاستوں میں ماہ مارچ کے دوران سب سے کم مہنگائی ریکارڈ کی گئی جبکہ قومی اوسط 3.34 فیصد رہا ہے ۔ تلنگانہ میں 1.06 فیصد‘ آندھرا پردیش میں 2.50 فیصد تک محدود رہی ۔ تلنگانہ پہلے اور آندھرا پردیش چوتھے نمبر پر ہے ۔ مارچ میں تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں افراط زر کی شرح 0.20 فیصد شہری علاقوں میں 1.79 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔ تلنگانہ میں فروری کے مقابلے مارچ میں مہنگائی کم ہوئی جب کہ آندھرا پردیش میں کسی قدر زیادہ رہی ہے ۔ دونوں مہینوں میں تلنگانہ سب سے کم افراط زر کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے جب کہ کیرالا افراط زر کے لحاظ سے زیادہ اور پہلے نمبر پر ہے ۔ آندھرا پردیش جو فروری میں سب سے کم افراط زر والی ریاستوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھا اس مرتبہ چوتھے مقام پر چلے گیا ہے ۔ فروری کے مقابلے مارچ میں ملک بھر میں مہنگائی میں 27 بیسیس پوائنٹس کی کمی ہوئی ۔ یہ اگست 2019 کے بعد سب سے کم ہے ۔ مرکزی شماریات کے دفتر نے کہا کہ مارچ میں مہنگائی کی سب سے کم شرحوں میں سبزیاں ، انڈے ، دالوں ، گوشت ، مچھلی ، اناج ، دودھ اور اس کی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے تھی۔ گذشتہ سال مارچ کے مقابلے ناریل کے تیل ، ناریل ، سونا ، چاندی اور انگور کی قیمتوں میں اس سال مارچ تک سب سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ کی گئی جب کہ ادرک ، ٹماٹر ، گوبھی ، زیرہ اور لہسن کی قیمتوں میں سب سے کم مہنگائی ریکارڈ کی گئی ۔ 2