وشاکھا پٹنم، 25 اگست (آئی اے این ایس) تلگو ٹائٹنز پروکبڈی لیگ (پی کے ایل) کے سیزن 12کے لیے نئے عزم اور متوازن اسکواڈ کے ساتھ تیار ہیں۔ ہیڈ کوچ کرشن کمار ہڈا کی رہنمائی میں ٹیم پچھلے سیزن کی مایوسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سیزن11 میں ٹیم محض ایک قدم سے پلے آف سے محروم رہ گئی تھی اور 22 میچوں میں 66 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہی تھی۔ اس بار جوش و خروش میں مزید اضافہ اس وجہ سے بھی ہے کہ پی کے ایل کا آغاز وشاکھا پٹنم سے ہو رہا ہے، جو ٹائٹنز کا دوسرا ہوم گراؤنڈ ہے۔ یہاں ٹیم کو لیگ کے سب سے پرجوش اور پرعزم مداحوں کی بھرپور حمایت حاصل ہوتی ہے۔ یہ گھریلو میدان کا فائدہ انہیں ابتدائی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ٹائٹنزکے مینجمنٹ نے اس مرتبہ اسکواڈ کے بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھتے ہوئے نیلامی میں سمجھداری دکھائی اور4.531 کروڑ خرچ کرکے نئی صلاحیتوں کو ٹیم میں شامل کیا۔ ان کے فیصلوں سے واضح ہوتا ہے کہ اس بار ٹیم پہلا پی کے ایل خطاب جیتنے کے مضبوط ارادے کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔