تلگودیشم قائدین و چندرا بابو کے سکریٹری کے مکانات پر دھاوے

   

حیدرآباد /7 فروری ( سیاست نیوز ) انکم ٹیکس عہدیداروں نے بعض تلگودیشم قائدین اور پارٹی سربراہ چندرا بابو نائیڈو کے سکریٹری کے مکانات پر آج دوسرے دن تلاشی جاری رکھی ۔ صدر تلگودیشم ضلع کڑپہ آر سرینواسلو ریڈی کے حیدرآباد اور کڑپہ کے مکانات پر انکم ٹیکس حکام نے آج بھی تلاشی لی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئی ٹی عہدیداروں نے چندرا بابو نائیڈو کے سابقہ پرسنل سکریٹری و جنرل اڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے ملازم پی سرینواس کے مکان پر بھی دھاوے کئے گئے ۔ چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں سرینواس نے ان کے پرسنل سکریٹری کی حیثیت سے خدمت انجام دی تھی اور حکام نے سرینواس کے حیدرآباد اور وجئے واڑہ کے مکانات پر دھاوے کئے ۔ محکمہ کی اس اچانک کارروائی سے عوام میں یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ مرکزی حکومت انتقامی کارروائی کے طور پر یہ دھاوے کروا رہی ہے ۔