تلگودیشم پارٹی آفس سے سیکورٹی کو اچانک ہٹالیا گیا

   

چندرا بابو نائیڈو کو خطرہ کے پیش نظر بحالی کا مطالبہ

حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے ہیڈ کوارٹر این ٹی آر ٹرسٹ بھون واقع بنجارہ ہلز سے سیکورٹی کو اچانک ہٹالیا گیا۔ حکومت کے اس فیصلہ پر تلگودیشم پارٹی نے احتجاج کیا اور سیکورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا نے اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ روڈ نمبر 2 بنجارہ ہلز میں واقع تلگودیشم پارٹی آفس سے سیکورٹی کی برخاستگی کا فیصلہ مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کے قومی صدر چندرا بابو نائیڈو کو زیڈ پلس درجہ کی سیکورٹی حاصل ہے جس میں این ایس جی شامل ہے کیونکہ انہیں دہشت گردوں ، بنیاد پرستوں اور سرخ صندل کے اسمگلرس سے خطرہ لاحق ہے۔ چندرا بابو نائیڈو متواتر تلگودیشم آفس کا دورہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں پارٹی کے اُمور کا جائزہ لیتے ہیں۔ سیکورٹی کی برخواستگی اور پارٹی آفس پر مسلح گارڈ ہٹالینے سے کچھ بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کا خطرہ ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کو خطرہ کے پیش نظر سابق کی طرح سیکورٹی اور مسلح گارڈ کو بحال کیا جائے۔ پارٹی کے رکن پولیٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی کی قیادت میں ایک وفد نے ڈی جی پی کو اس سلسلہ میں یادداشت پیش کی۔