تلگودیشم کاسالانہ پروگرام مہاناڈو پہلی مرتبہ ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال

   

حیدرآباد27مئی (یواین آئی) اے پی کی اصل اپوزیشن پارٹی تلگودیشم کے سالانہ پروگرام مہاناڈو کا آج ریاستی دارالحکومت امراوتی میں آغاز ہوا۔یہ پروگرام پارٹی کے بانی و متحدہ اے پی کے سابق وزیراعلی آنجہانی این ٹی راما راو کی یوم پیدائش کے موقع پر ہر سال منعقد کیاجاتا ہے تاہم اس مرتبہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجہ میں اس پروگرام کو سادگی کے ساتھ منایاجارہا ہے ۔اس دو روزہ پروگرام کو پارٹی کیڈر کے لئے زون ایپ کے ذریعہ پیش کیاجارہا ہے ۔پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے پارٹی آفس میں اپنے خسر و پارٹی کے بانی این ٹی راما راو کو بھرپورخراج پیش کیا۔انہوں نے این ٹی راما راو کے مجسمہ پر پھول بھی نچھاور کئے ۔یوٹیوب لائیو کے ذریعہ بھی تقریبا دس ہزار افراد اس پروگرام کا مشاہدہ کررہے ہیں۔پہلی مرتبہ پارٹی کی جانب سے کسی بھی پروگرام کے انعقاد کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال کیاگیا۔