تلگوصحافی کے پسماندگان کو ایک لاکھ روپئے کی امداد

   

وزیر فینانس ہریش رائو کا جذبہ انسانی، بیوہ کو ملازمت کا تیقن
حیدرآباد۔ 28 نومبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے اندول کے ٹیکمال منڈل سے تعلق رکھنے والے صحافی پی لنگم کے افراد خاندان کو ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد کی ہے۔ رکن اسمبلی اندول کرانتی کرن نے تلگو روزنامہ کے رپورٹر پی لنگم کے دیہانت کے بعد افراد خاندان کی زبوں حالی کے سلسلہ میں ہریش رائو کی توجہ مبذول کرائی تھی۔ صحافی کا حال ہی میں علالت کے باعث انتقال ہوا۔ صدر خاندان کے بغیر لنگم کے ارکان خاندان کو مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ان کی اہلیہ نے ایم ایل اے کرانتی کرن سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ کرانتی کرن نے وزیر فینانس ہریش رائو سے مدد کی درخواست کی جس پر فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہریش رائو نے متاثرہ خاندان کی مدد کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ایک لاکھ روپئے نقد رقم حوالے کی اور صحافی کی بیوہ کو آئوٹ سورسنگ ملازمت فراہم کرنے اور فرزند کی کالج کی فیس ادا کرنے کا وعدہ کیا۔ صحافی کے ارکان خاندان نے انسانی جذبے پر ہریش رائو سے اظہار تشکر کیا۔ ہریش رائو نے کہا کہ وہ اعلی عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے آئوٹ سورسنگ ملازمت یقینی بنائیں گے۔