تمام آبپاشی پراجیکٹس کی رپورٹ پیش کرنے تیار

   

Ferty9 Clinic

اسپیشل چیف سکریٹری آبپاشی کا اجلاس ۔ مختلف پہلووں پر غور
حیدرآباد۔ اسپیشل چیف سکریٹری برائے آبپاشی رجت کمار نے آج اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ریاست میں تعمیر کئے جانے والے تمام نئے پراجیکٹس کی تفصیلی رپورٹ مرکزی وزارت جل شکتی کی ہدایت کے مطابق پیش کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے تاہم یاد دہانی کروائی کہ دیوادولہ ‘ پالمورو ۔ رنگاریڈی ‘ ڈنڈی اور دوسرے پراجیکٹس قدیم ہیں اور یہ تمام منظوریاں حاصل کرنے کے بعد شروع کئے گئے ہیں۔ رجت کمار نے انجینئرنگ اور قانونی ماہرین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے مرکز کی جانب سے کرشنا اور گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈز کے دائرہ اختیار کو طئے کرنے جاری گزٹ اعلامیہ پر ریاست کو دستیاب امکانات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ان دریاوں پر تمام آبپاشی پراجیکٹس پر قابو حاصل کرلینے مرکزی حکومت کے فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتظامی ‘ فنی اور قانونی امکانات کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مرکزی حکومت کرشنا کے پانی میں تلنگانہ کے جائز حصہ کا تعین کرنے کیلئے منصفانہ انداز میں فیصلہ کرتے ہوئے پیشرفت کرے ۔