پرینکا گاندھی قیادت کریں گی‘بوتھ سطح پر یاترا کا پروگرام
نئی دہلی: کانگریس ’بھارت جوڑو یاترا‘ کو بوتھ سطح تک لے جانے کی تیاری کر رہی ہے، پرینکا گاندھی واڈرا ہر ریاست کے دارالحکومت میں خواتین کے مارچ کی قیادت کریں گی اور ‘خواتین کا منشور’ پڑھیں گی۔ اس مارچ کے لیے پارٹی 15 دسمبر سے ریاستی سطح پر، پھر ضلع اور بلاک سطح پر اپنی تیاری کے اجلاسوں کا آغاز کرے گی۔پرینکا گاندھی کے خواتین مارچ کے علاوہ بوتھ سطح پر بھی ایک مہینے میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ شروع ہو جائے گی۔ راہول گاندھی کی طرف سے لکھا گیا خط اور بی جے پی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہر یاتری کو تقسیم کی جائے گی۔ یاترا کے بعد ہر ضلع میں بلاک سطح کی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں ریاستی کانگریس کے ریاستی صدور اور سینئر لیڈران شرکت کریں گے۔ریاست کے تمام اضلاع میں میٹنگیں بلانے کے بعد ریاستی سطح کے ورکرس کی کانفرنس ہوگی، اس کے بعد ہر ریاست میں ریلیاں منعقد ہوں گی، جس سے ریاستی کانگریس صدور اور کانگریس کے سابق صدور خطاب کریں گے۔ پارٹی کا ‘ہاتھ جوڑو’ پروگرام اگلے دو مہینوں کے لئے 26 جنوری سے شروع ہوگا۔ جبکہ پارٹی نے فروری ماہ میں رائے پور، چھتیس گڑھ میں اجلاس طلب کیا ہے۔کانگریس کے پروگراموں کو بڑی اسکرینوں پر براہ راست نشر کیا جائے گا اور ہر ریاست میں اہم مقامات پر دکھایا جائے گا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ یوپی کانگریس نے پارٹی لیڈر راہول گاندھی کے دورے کے لیے کیڈروں کو متحرک کرنے کے لیے ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا آغاز کیا ہے، جو جنوری کے شروع میں ریاست میں داخل ہونے والے ہیں۔ یہ سفر اتوار کو بارہ بنکی سے شروع ہو کر پیر کو لکھنؤ پہنچے گا۔اتر پردیش کانگریس کے زونل صدر نکول دوبے نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یو پی سی سی ریاست کے مختلف مقامات سے ریاستی سطح کی چھ یاترا نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ “بارہ بنکی سے یاترا مختلف اضلاع کا احاطہ کرنے کے بعد 21 دسمبر کو ہردوئی میں اختتام پذیر ہوگی۔ رائے پور میں تین دن کیلئے کانگریس کی پلینری کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے بعد ایک میگا ریالی بھی منعقد کی جائے گی۔