جوبلی ہلز میں 14 ہزار نئے راشن کارڈس کی اجرائی، کلورو میں پارٹی کی انتخابی مہم میں ریاستی وزیر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 7۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت تمام طبقات کی ترقی اور فلاح وبہبود کے عہد کی پابند ہے۔ جوبلی ہلز کی ہمہ جہتی ترقی اور زیر التواء کاموں کی تکمیل کیلئے کانگریس پارٹی امیدوار کی کامیابی ضروری ہے ۔ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں اتم کمار ریڈی نے کلورو کے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان کی تکمیل کا آغاز ہوچکا ہے ۔ چیف منسٹر نے جوبلی ہلز کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لئے جامع منصوبہ کا وعدہ کیا ہے ۔ ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے حدود میں گزشتہ 22 ماہ کے دوران 14230 نئے راشن کارڈس جاری کئے گئے اور 67354 زائد خاندانوں کو ہر ماہ باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز حلقہ میں راشن کارڈ پر باریک چاول حاصل کرنے والے خاندانوں کی تعداد 239886 ہے ۔ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں علاقہ کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے جوبلی ہلز میں ایک بھی نیا راشن کارڈ جاری نہیں کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ابھی تک 17648 میٹرک ٹن باریک چاول سفید راشن کارڈ ہولڈرس میں تقسیم کئے گئے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پلورو میں ڈبل بیڈروم ہاؤزنگ کامپلکس میں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ دس راشن شاپس کی منظوری دی گئی جن میں سے پانچ کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت وعدوں کی تکمیل کرے گی اور جوبلی ہلز میں ایک نوجوان کو پارٹی امیدوار بنایا گیا جو عوامی خدمت کا طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ 11 نومبر کو کانگریس کے انتخابی نشان ہاتھ پر ووٹ دیں تاکہ جوبلی ہلز میں ترقیاتی اسکیمات کا احیاء ہوسکے۔ 1