انقرہ : وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ دنیا کے 60 فیصد بحران اور انارکی جیسے مسائل ہمارے خطے میں ہیں مگر اس کے باوجود ترکی ان تمام مصائب میں علاقائی طاقت بن کر ابھرا ہے۔چاوش اولو نے بنگول یونیورسٹی کے رجب طیب اردغان کنونشن سینٹر میں منعقدہ ترک خارجہ پالیسی سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب کیا۔ چاوش اولو نے کہا کہ ترکی کا محل وقوع تین براعظموں کے درمیان واقع ہے جو کہ بحیرہ اسود ،مشرق وسطی اور بحیرہ روم کے کنارے آباد ہے اسی طرح ہم قفقاز اور افریقہ تک کے وسیع علاقے کے بھی مرکز میں واقع ہیں لہذا ہمیں طاقتور بننا ہوگا،دنیا کے 60 فیصد بحران اور مصائب ہمارے خطے میں ہیں جن کا اثر براہ راست ہم پر پڑ رہا ہے مگر ان تمام مشکلات کے باوجود ترکی ایک علاقائی طاقت بن کر ابھرا ہے۔