تمدن ، تاریخ اور شمال مشرقی ہند کی زبان کی حفاظت کا راہول کا تیقن

   

گوہاٹی 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ کانگریس تمدن، تاریخ اور شمال مشرقی ہند کی زبان کا تحفظ کرے گی، اگر وہ برسر اقتدار آجائے۔ آسام میں انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے راہول گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور اُن پر الزام عائد کیاکہ وہ اِس علاقہ کی ہر ریاست کو جلادینا چاہتے ہیں۔ بی جے پی ۔ آر ایس ایس نظریہ شمال مشرقی ہند کی ہر ریاست کو جلارہا ہے۔ وہ آپ کی طرز زندگی، تہذیب، زبان اور تاریخ کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آجائے تو آپ کی طرز زندگی، تمدن، زبان اور تاریخ کا تحفظ کرے گی۔ راہول گاندھی نے اعتماد ظاہر کیاکہ کانگریس برسر اقتدار آئے گی اور اِس علاقہ میں ترقیاتی اقدامات کرے گی۔ اُنھوں نے تیقن دیا کہ آسام کے لئے خصوصی موقف بحال کریں گے اور شمال مشرقی ہند کو صنعتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کا مرکز بنائیں گے۔