ایس آئی آر کے بعد قطعی فہرست رائے دہندگان جاری ۔ اہل افراد کیلئے فارم 6 کے ذریعہ درخواست کی گنجائش
چینائی 23 فبروری ۔ (ایجنسیز ) ریاست تمل ناڈو میں خصوصی گہری نظرثانی کے عمل کے بعد حتمی ووٹر لسٹ جاری کردی گئی ہے، جس میں بڑے پیمانے پر ناموں کو حذف کیا گیا ہے۔ ریاستی انتخابی عہدیداروں کے مطابق نظرثانی کے نتیجے میں 74 لاکھ 7 ہزار 207 نام فہرست سے خارج کیے گئے ہیں۔ریاست کی چیف الیکٹورل آفیسر ارچنا پٹنائک کے مطابق تازہ فہرست کے اجرا کے بعد تمل ناڈو میں ووٹروں کی مجموعی تعداد گھٹ کر 5 کروڑ 67 لاکھ 7 ہزار 380 رہ گئی ہے، جبکہ نظرثانی کے آغاز سے قبل ریاست میں 6 کروڑ 41 لاکھ 14 ہزار 587 رجسٹرڈ ووٹر موجود تھے۔انتخابی حکام نے وضاحت کی ہے کہ حذف کیے گئے ناموں میں بڑی تعداد فوت شدہ ووٹروں کی ہے۔ ایسے اہل افراد جن کے نام کسی وجہ سے فہرست سے خارج ہوگئے ہیں وہ مقررہ طریقہ کار کے تحت فارم 6 کے ذریعہ دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں۔ مزید برآں 12 لاکھ 43 ہزار 363 افراد کو نوٹس جاری کیے گئے تھے تاکہ وہ اپنی تفصیلات کی تصدیق کرسکیں۔ جن ووٹروں کے اندراج میں غلطی پائی گئی انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر ضروری دستاویزات اور حلف نامہ جمع کرائیں۔الیکشن کمیشن نے اس نظرثانی کے دوران عدالت عظمیٰ کی ہدایات پر بھی عمل کیا۔ 30 جنوری کو سپریم کورٹ کی جانب سے جاری حکم نامے میں ہدایت دی گئی تھی کہ متنازعہ یا متضاد معلومات کی بنیاد پر حذف کیے گئے ناموں کی وجوہات عوامی طور پر ظاہر کی جائیں۔ اس کے تحت متعلقہ فہرستیں گرام پنچایت دفاتر، عوامی مقامات، بلاک اور سب ڈویژن دفاتر کے علاوہ شہری علاقوں کے وارڈ دفاتر میں آویزاں کی گئیں۔نظرثانی کے عمل کے دوران متاثرہ افراد کو اعتراض داخل کرنے یا وضاحت پیش کرنے کے لیے دس دن کی مہلت دی گئی۔ واضح رہے کہ خصوصی گہری نظرثانی سے قبل ریاست میں ووٹروں کی تعداد تقریباً 6 کروڑ 41 لاکھ تھی۔دوسری جانب نظرثانی کے دوسرے مرحلے میں نو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقریباً آٹھ فیصد ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیے گئے۔ 14 فروری کو جاری ہونے والی پڈوچیری کی حتمی ووٹر لسٹ میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 44 ہزار 211 ووٹر درج کیے گئے ہیں۔