ڈھاکہ ۔ ایک طرف جہاں تمام ٹیمیں ورلڈکپ 2023 کی تیاریوں میں مصروف ہیں وہیں دوسری جانب بنگلہ دیش کو دھکا لگا ہے۔ بنگلہ دیش کے کپتان اور ان کے دھماکہ خیزاوپنر تمیم اقبال نے کنارہ کشی اختیارکرلی۔ تمیم اقبال نے جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران سبکدوشی کا اعلان کیا۔ تمیم یہ اعلان کرتے ہوئے بہت جذباتی ہو گئے اورپریس کانفرنس کے دوران رونے لگے ۔ تمیم اقبال بنگلہ دیش کے بڑے بیٹرس میں سے ایک ہیں۔ تمیم نے ٹسٹ کرکٹ میں 10 سنچریوں کی مدد سے 5134 رنز بنائے۔ ونڈے میں ان کے بیٹ سے 14سنچریاں نکلیں اور ان کے نام 8313 رنز ہیں، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی انہوں نے ایک سنچری کی بنیاد پر 1758 رنز بنائے۔ تمیم اقبال نے بین الاقوامی کرکٹ میں جملہ 25 سنچریاں اسکورکی ہیں۔ تمیم اقبال افغانستان کے خلاف جاری ونڈے سیریز کے درمیان میں سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چٹوگرام میں ایک میچ ہوا تھا جس میں بنگلہ دیش کی ٹیم17 رنز سے جیت گئی ۔ اس میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت آیا۔ بنگلہ دیش کی اس شکست کے24 گھنٹے کے اندر تمیم اقبال نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیربادکہہ دیا۔ تمیم اقبال کو بنگلہ دیش کا آل ٹائم گریٹ بیٹر کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ بین الاقوامی کرکٹ میں تمیم اقبال کا ریکارڈ گواہ ہے۔ ویسے تمیم اقبال کے نام ایک خاص عالمی ریکارڈ بھی ہے۔ ایک ہی گراؤنڈ پر سب سے زیادہ ونڈے رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ تمیم اقبال کے پاس ہے۔ بائیں ہاتھ کے اس اوپنر نے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں سب سے زیادہ 2853 رنز بنائے۔ اس گراؤنڈ پر ان کے بیٹ سے 19 نصف سنچریاں اور5 سنچریاں نکلیں۔ تمیم اقبال ونڈے کرکٹ میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی ہیں۔ تمیم نے صرف 19سال 2 دن کی عمر میں آئرلینڈ کے خلاف سنچری بنائی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے 129 رنز کی اننگز کھیلی۔