ڈھاکہ ۔26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سینئر اوپنر تمیم اقبال نے بنگلہ دیش کے مجوزہ ہندوستان کے دورے سے دستبرداری اختیار کرلی ہے کیونکہ ان کی اہلیہ امید کے ساتھ ہونے کے علاوہ ان کے گھر دوسری اولاد کی امید متوقع ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے دہلی میں 3 نومبر کو شروع ہونے والے تین ٹی ٹونٹی مقابلے کی سیریزکے لئے اقبال کے متبادل کے طور پر ایک اوربائیں ہاتھ کے اوپنر عمرالقیس کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ بنگلہ دیش انڈور (14-18 نومبر) اورکولکتہ (22-26 نومبر) میں بھی دو ٹسٹ میچ کھیلے گا۔ ای ایس پی این کریک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق تمیم ، جو پسلی کی تکلیف سے راحت حاصل کررہے ہیں او ان کا نام ٹی ٹونٹی ٹیم میں تھا ، لیکن انہوں نے بی سی بی کو آگاہ کیا تھا کہ 22 نومبر سے کولکتہ میں ، دوسرا ٹسٹ چھوڑنا پڑسکتا ہے کیونکہ ان کی اہلیہ امید سے ہیں۔چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے کہا تمیم نے ہمیں پہلے مطلع کیا تھا کہ وہ کولکتہ میں ہونے والا دوسرا ٹسٹ نہیں کھیل پائیں گے کیونکہ وہ ان ہفتوں میں اپنی اہلیہ کے ساتھ رہیں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں تمیم انتہائی ناقص فام کا شکار ہیں جبکہ جولائی میں بنگلہ دیش کے دورہ سری لنکا کے بعد تمام مقابلوں سے وقفے کی درخواست کرنے کے بعد افغانستان کے خلاف بنگلہ دیش کا ہوم ٹسٹ اور ٹی ٹونٹی سہ فریقی سیریز سے بھی محروم رہے تھے۔ دورہ ہند کے لئے بنگلہ دیشی ٹی 20 ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔شکیب الحسن (کپتان) ، لیٹن داس ، عمرالقیس ، سومیا سرکار، محمد نعیم ، مشفیق الرحیم ، محمود اللہ ، عفیف حسین ، مصدیق حسین ، امین الاسلام ، عرفات سنی ، الامین حسین ، مسفیض الرحمن اور شفیع الاسلام۔یاد رہے کہ ہندوستان نے بنگلہ دیشی ٹیم کی سیریز میں میزبانی کے لئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں مستقل کپتان ویراٹ کوہلی کو آرام دیتے ہوئے ان کے مقام پر روہت شرما کو قیادت کی ذمہ داری دی ہے۔