تواضع او ر انکساری انسان کو بڑ ا بناتی ہے! اصلاحی مجلس سے حضرت مولانا قمرالزماں الہ آبادی کا خطاب

   

مورخہ 15؍جنوری بروز اتوار صبح گیارہ بجے مسجد نعمانی معہد ملت میں دو روزہ مجالس اصلاح وتربیت کا آغاز ہوا۔ ابتدائی تقریب حضرت مولانا محمدادریس عقیل ملی قاسمی صاحب کی سرپرستی اور حضرت مولانا سعید احمد ملی قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مہمان معظم شیخ المشائخ حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الہ آبادی نے خطاب فرمایا، انہوں نےکہا کہ طالبان علوم نبوت کوحضوراکرمﷺکےاس ارشاد خیرکم من تعلم القرآن وعلمہ پردل سے یقین کرناچاہیےاورعلوم دینیہ میں محنت کےساتھ ساتھ اپنےاندرتواضع اور انکساری پیداکرنی چاہیے،ہمارےاکابرواسلاف کاطرز عمل یہی تھا کہ انہوں نےاپنےآپ کو مٹایااورجھکایاتھا۔حضرت علامہ سیدسلیمان ندویؒ نےجب حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ سےاصلاحی تعلق قائم کیااور ان کی خدمت میں حاضرہوئےتوبوقت رخصت ان سےنصیحت کی درخواست کی،حضرت حکیم الامت نےمختصر اور جامع نصیحت فرمائی کہ میں نےاپنےاکابر و مشائخ سےیہ بات سنی ہےکہ انسان کو اپنےآپ کو مٹانااور جھکاناچاہیے،اسی میں اس کی کامیابی ہے۔اس موقع پر انہوں نےشیخ عطاءﷲاسکندری کی کتاب ’’التنویر‘‘کی عبارتیں بھی پڑھ کر سنائیں اور ان کی تشریح کی،اسی ضمن میں انہوں نے یہ بھی فرمایاکہ حضرت حاجی امدادﷲمہاجرمکیؒ اصطلاحی عالم نہیں تھے،لیکن حضرت مولانا محمدقاسم نانوتوی،حضرت مولانا رشیداحمد گنگوہیؒ،حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ جیسےاکابرعلماءنےان سےاستفادہ کیااور اس علم باطنی کی دولت حاصل کی جو حضرت حاجی صاحبؒ کےسینےمیں تھی۔
حضرت والاسےپہلےافتتاحی خطاب کرتےہوئےمہتمم جامعہ معہدملت حضرت مولانا محمدعمرین محفوظ رحمانی صاحب نےکہاکہ معہدملت کا امتیازرہاہےکہ یہاں تعلیم کےساتھ تربیت پرتوجہ دی جاتی رہی ہے اور اہل اﷲاور مشائخ کی مبارک آمدکاسلسلہ ہمیشہ جاری رہاہے،اسی کی ایک سنہری کڑی حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الہ آبادی کی تشریف آوری بھی ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ دل کی صفائی اورپاکیزگی اہل اللہ کی نگاہ کی مرہون منت ہے۔ دل کے بنانے اورتیار کرنے کے لیے محنت ،مجاہدے ، ذکر کی کثرت اور اہل اللہ کی صحبت کی ضرورت پڑتی ہے،علم نبوت اور نور نبوت دونوں کوحاصل کرنے کے لیےعلماء اور طالبان علوم نبوت کوکوشش کرنی چاہیے ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی اورارکان و اساتذہ معہد کی جانب سے مہمان موصوف کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ مجلس کے اخیر میں معہد ملت کے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب نے مختصر ناصحابہ کلمات ارشاد فرمائے اورحاضرین و سامعین کو حضرت مولانا قمرالزماں صاحب کے فیضان صحبت سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ حضرت مولانا قمرالزماں صاحب کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔
اس پروگرام میں معہد ملت کے طلبہ و اساتذہ کے علاوہ بڑی تعداد میں عام افراداور شہر وبیرون شہر کے علماء کرام اورحضرت کے خلفاء اور مریدین و متوسلین نیز معہد ملت کی شاخوں سےملی فضلا ء شریک ہوئے،جن میں مولانا حسن ملی ندوی صاحب (مجرے باڑی) ،مولانا سعید ملی قاسمی صاحب (پربھنی) مولانا زکی ملی ندوی (پونہ) مولانا عابد ملی (شولاپور) مولانا مختار ملی ندوی (پاچورہ)حافظ مختار ملی (بھساول)،مولانا حافظ عابد ملی( شیوگاؤں)، مولانا منصور ملی (پیٹھن)،مولاناافتخارسالک قاسمی صاحب وغیرہ قابل ذکر ہیں۔حافظ زبیر جاوید(متعلم دورہ حدیث) کی تلاوت اورمحمد عمیر(متعلم شعبہ حفظ) کی نعت سے مجلس کاآغاز ہوا جب کہ حافظ ابرارالحق(متعلم شعبہ افتاء) نےمہمان مکرم کی مدح میں منقبت پیش کی۔ نظامت کے فرائض مولانا زبیراحمد ندیمی ملی (استاذ معہدملت)نے انجام دیئے۔