جرمانہ کی رقم ادا کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے توہین عدالت کے مقدمات کا سامنا کرنے والے سرکاری عہدیداروں کی سزائے قید پر حکم التواء جاری کیا جبکہ انہیں جرمانہ کی رقم ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے عدالتی احکامات پر عمل آوری کے سلسلہ میں عہدیداروں کے دعوؤں کو محض دکھاوا قرار دیا۔ انہوں نے کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رامی ریڈی ، کلکٹر سرسلہ کرشنا بھاسکر اور سدی پیٹ کے آر ڈی او جئے چندرا ریڈی کو قید کی سزا پر آئندہ سماعت تک حکم التواء جاری کیا ہے ۔ عدالت نے تینوں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جرمانہ کی رقم ہائی کورٹ رجسٹری میں جمع کرائیں۔ ملنا ساگر پراجکٹ کے دو متاثرین نے عہدیداروں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی ۔ سماعت کے موقع پر تینوں عہدیدار عدالت میں موجود تھے ۔ آئندہ سماعت 2 اگست کو مقرر کی گئی ہے۔